ضلع ملیر میں خوفناک ٹرالر حادثے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا، آئی جی سندھ سمیت اعلیٰ حکام کی شرکت

ایم نائن موٹروے پر پولیس موبائل کو پیش آنے والے حادثے میں سب انسپکٹر صاحب خان اور کانسٹیبل واجد علی شہید ہوئے؛ سعود آباد کمپلیکس میں سرکاری اعزاز کے ساتھ الوداع کیا گیا

کراچی (علیم نواب خان)

کراچی: ضلع ملیر کی حدود میں ایم نائن (M-9) موٹروے پر ایک تیز رفتار ٹرالر کی پولیس موبائل کو ہولناک ٹکر کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے سب انسپکٹر صاحب خان اور کانسٹیبل واجد علی کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ دونوں فرنٹ لائن ہیروز کی نمازِ جنازہ ضلع ایسٹ پولیس ہیڈ کوارٹر، سعود آباد کمپلیکس ملیر میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔

نمازِ جنازہ کے باوقار اجتماع میں انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) سندھ جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ویسٹ، ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی ایسٹ، ایس ایس پی ملیر اور ایس ایس پی موٹروے سمیت سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران، جوانوں، شہید اہلکاروں کے سوگوار ورثاء، عزیز و اقارب اور اہلیانِ علاقہ نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کے جسدِ خاکی کو سلامی بھی پیش کی۔

نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے دونوں شہید اہلکاروں کے سوگوار خاندانوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان سے گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کڑے وقت میں صبر کی تلقین کی۔ آئی جی سندھ نے ورثاء کو یقین دلایا کہ محکمہ پولیس سندھ دکھ کی اس گھڑی میں انہیں اکیلا نہیں چھوڑے گا اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور واجبات کی فوری ادائیگی کے لیے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے سندھ پولیس کے شہداء ہمارا اصل فخر اور اثاثہ ہیں، جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو حادثے کے ذمہ دار ٹرالر ڈرائیور کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں