صدر آصف زرداری کی پرنس رحیم آغا خان پنجم سے اسلام آباد میں اہم ملاقات

نور خان ایئربیس آمد پر صدر آصف زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو نے معزز مہمان کا استقبال کیا
ایوانِ صدر میں پرنس رحیم آغا خان پنجم کو پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کا گارڈ آف آنر
بلاول بھٹو سمیت اعلیٰ قیادت کی شرکت، اے کے ڈی این کے ترقیاتی کردار پر اظہارِ تشکر اور تعاون پر اتفاق
پرنس رحیم آغا خان کا پاکستان میں ترقیاتی اور انسانی خدمات کے منصوبوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ

علیم نواب خان سے

اسلام آباد، کراچی، 20 مئی 2026 — صدر مملکت آصف علی زرداری نے آج پرنس رحیم آغا خان پنجم کا نور خان ایئربیس پر پاکستان آمد کے موقع پر استقبال کیا۔ اس موقع پر خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری بھی صدر کے ہمراہ موجود تھیں۔

یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے جو پرنس رحیم آغا خان پنجم نے اپنے والد مرحوم پرنس کریم آغا خان چہارم کے انتقال کے بعد فروری 2025 میں اسماعیلی مسلم کمیونٹی کے 50ویں امام کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد کیا ہے۔

بعد ازاں ایوانِ صدر پہنچنے پر معزز مہمان کو پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے دستوں پر مشتمل تینوں افواج کا گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

صدر آصف علی زرداری، خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر تفصیلی بات چیت بھی ہوئی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

صدر مملکت نے آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کی پاکستان میں صحت، تعلیم، کمیونٹی ڈویلپمنٹ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے شعبوں میں طویل خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کمزور طبقات کی بہتری کے لیے AKDN کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے مرحوم پرنس کریم آغا خان چہارم کی پاکستان کے لیے خدمات کو بھی یاد کیا اور آغا خان خاندان کے تاریخی کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔

پرنس رحیم آغا خان پنجم نے صدر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک پاکستان میں انسانی ترقی اور فلاحی منصوبوں میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ پرنس رحیم آغا خان کا آخری دورہ پاکستان 2024 میں ہوا تھا، جب صدر مملکت نے انہیں ملک کی اعلیٰ ترین سول اعزاز “نشانِ پاکستان” سے نوازا تھا۔

اس موقع پر وفد میں آغا خان فنڈ برائے اقتصادی ترقی کے ڈائریکٹر سلطان علی الانہ، جماعتی اداروں کے سربراہ شفیق سچیڈینا، اسماعیلی کونسل پاکستان کے صدر نزار نور محمد میوا والا اور نائب صدر اکبر لاڈک بھی شامل تھے۔

تقریب میں بلاول بھٹو زرداری، بی بی آصفہ بھٹو زرداری، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، نوید قمر، ڈاکٹر عاصم حسین اور سیکریٹری خارجہ سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی شریک تھیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں