سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کے اعلان کی تاریخیں مقرر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) 4 جون 2026

سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کے اعلان کے لیے حتمی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میٹرک کے نتائج 10 جولائی جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کر دیے جائیں گے، تاکہ طلبا کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلوں کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اجلاس میں تمام ڈویژنز کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے امتحانی عمل پر بریفنگ دی، جس کے دوران یہ بھی طے پایا کہ نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج 31 اگست تک جاری کر دیے جائیں گے۔ وزیر جامعات نے ہدایت کی کہ امتحانی نظام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے، جبکہ حکومت کی جانب سے بورڈز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا اعادہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کراچی کے چیئرمین بورڈ نے آگاہ کیا کہ شہر میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 جون کو مکمل ہو جائیں گے۔

شرجیل میمن اور محسن نقوی کی ملاقات، وفاق اور سندھ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اجلاس کے دوران تعلیمی نظام میں بہتری کے حوالے سے اہم اقدامات بھی زیر غور آئے، جن میں امتحانات کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ سکھر میں ناقص کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کی ڈیوٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ کراچی میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ حکومت نے عزم ظاہر کیا ہے کہ امتحانی عمل کو مزید جدید اور شفاف بنانے کے لیے آئندہ بھی سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں