سیکیورٹی ڈویژن کے 28 ریٹائر ہونیوالے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں ظہرانہ، ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے ریٹائر اہلکاروں کی خدمات کو سراہا

کراچی (پریس ریلیز) 4 جون 2026

سیکیورٹی ڈویژن کے مختلف یونٹس سے تعلق رکھنے والے 28 ریٹائر ہونے والے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں ایک باوقار تقریب اور ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ ریٹائر ہونے والے ان اہلکاروں کا تعلق پولیس مددگار-15، کورٹ پولیس، اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU)، سیکیورٹی-I اور سیکیورٹی-II سے تھا۔ ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد کی سربراہی میں منعقدہ اس تقریب کا مقصد ریٹائر ہونے والے ان اہلکاروں کی برسوں پر محیط شاندار خدمات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ادارے کے لیے ان کے قابلِ قدر کردار کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے ریٹائر ہونے والے افسران و اہلکاروں کی خدمات کو بھرپور الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی دیانتداری، پیشہ ورانہ وابستگی اور انتھک محنت سیکیورٹی ڈویژن کی مضبوطی اور مؤثر کارکردگی میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اہلکاروں نے اپنے کیریئر کے دوران ادارے کی پیشہ ورانہ روایات اور عملی معیار کو نہ صرف برقرار رکھا بلکہ اسے مزید مستحکم بھی کیا، جس پر محکمہ انہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا۔ تقریب کے دوران ڈاکٹر مقصود احمد نے ریٹائر ہونے والے افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مستقبل کی زندگی میں صحت اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

اس باوقار تقریب میں سیکیورٹی ڈویژن کے سینئر افسران بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے، جن میں کمانڈنٹ ایس ایس یو عامر خان نیازی، ایس پی فارنرز سیکیورٹی سیل (FSC) شمائل ریاض ملک اور ایس پی مددگار-15 حفیظ الرحمٰن شامل تھے۔ تمام افسران نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ریٹائر ہونے والے اہلکاروں کی خدمات اور ان کے نمایاں کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سیکیورٹی ڈویژن اپنے ان اہلکاروں کی قربانیوں اور محنت کو ہمیشہ یاد رکھے گا جنہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ ادارے کی ترقی کے لیے وقف کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں