گلگت (وسیم عباس) 5 جون 2026
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی معروف ننھے یوٹیوبر شیراز اور ان کی بہن مسکان کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر طوفان کی طرح وائرل ہو رہی ہیں۔ بلاول بھٹو اس وقت انتخابی مہم کے سلسلے میں گلگت بلتستان کے دورے پر موجود ہیں، جہاں انہوں نے اپنی مصروفیات کے باوجود ننھے اسٹارز سے ملنے کا وقت نکالا۔ اس غیر متوقع اور خوشگوار ملاقات کے کلپس نے نہ صرف شیراز کے مداحوں بلکہ عام سوشل میڈیا صارفین کے دل بھی جیت لیے ہیں۔

ملاقات کے دوران ایک دلچسپ منظر دیکھنے میں آیا جب بلاول بھٹو نے شیراز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کراچی میں بیٹھ کر انہیں ریگولر فالو کرتے ہیں اور ان کے سب سے بڑے مداح ہیں۔ بلاول بھٹو نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہیں شیراز کی ویڈیوز دیکھ کر بے حد خوشی ہوتی ہے اور وہ ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کو باقاعدگی سے دیکھتے ہیں۔ یہ ملاقات دونوں کے درمیان ایک دوستانہ اور پرجوش ماحول میں ہوئی، جس نے دیکھنے والوں کو بھی مسحور کر دیا۔
میں کراچی سے آپ کا بہت بڑا فین ہوں،میرا نام بلاول ہے، کیا تمہیں میرا نام یاد رہےگا، بلاول بھٹو زرداری کی ننھے وی لاگر شیراز اور اس کی بہن سے ملاقات pic.twitter.com/vxEGkyIII4
— Siddique Jan SMT (@SdqJaanSMT) June 4, 2026
چیئرمین پیپلز پارٹی نے ننھے یوٹیوبر کی سماجی خدمات کی کھل کر تعریف کی اور کہا کہ شیراز جس طرح محنت کر کے شہرت حاصل کر رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنے علاقے میں پانی کی فراہمی اور اسکولوں کی تعمیر جیسے عملی فلاحی کاموں میں بھی مصروف ہیں جو کہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے شیراز کے عزم اور ہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک کم عمر بچے کی جانب سے اپنے علاقے کی ترقی کے لیے کام کرنا پوری نوجوان نسل کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔
بلاول بھٹو نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنے نانا اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ گلگت بلتستان کے لوگوں سے خصوصی لگاؤ رکھتے تھے اور ان کی خدمات آج بھی یادگار ہیں۔ انہوں نے شیراز کو ترغیب دی کہ وہ عوامی خدمت کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رکھیں اور مستقبل میں بھی موقع ملنے پر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کرتے رہیں، کیونکہ یہی خدمتِ خلق اصل کامیابی ہے۔