پاک بحریہ کے شہید افسر کی باہمت اہلیہ نے پاکستان نیوی میں بطور آفیسر کمیشن حاصل کر لیا!

کراچی (ویب ڈیسک) 29 جون 2026

پاک بحریہ کے ایک غیور اور شہید افسر کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی ناگہانی شہادت کے گہرے غم کو عزم، ہمت اور لازوال حوصلے میں بدلتے ہوئے پاک بحریہ میں ہی بطور آفیسر کمیشن حاصل کر لیا ہے۔ لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد شہید کی بیوہ الویرا حمزہ نے نہ صرف نیول اکیڈمی سے اپنی تربیت مکمل کی بلکہ اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر معتبر “کمانڈنٹ گولڈ میڈل” بھی اپنے نام کیا، جس کے بعد انہوں نے پاک بحریہ کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الویرا حمزہ نے انتہائی جذباتی مگر پُرعزم انداز میں کہا کہ “میرے شہید شوہر لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کی شہادت نے میرے اندر ملک و قوم کی خدمت اور پاک بحریہ میں شمولیت کا ایک نیا جذبہ پیدا کیا۔ میں نے جس باوقار یونیفارم میں اپنے شوہر کو دیکھا تھا، آج خود اس جیسا یونیفارم پہن کر اسی مقام پر کھڑی ہونا میرے اور میری ننھی بیٹی کے لیے کائنات کا سب سے بڑا باعثِ فخر لمحہ ہے”۔

پاکستانی خواتین کے لیے اہم پیغام:
الویرا حمزہ نے اپنے تربیتی دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان جذبات اور فخر کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، پاکستان نیول اکیڈمی میں میرا وقت بہت یادگار گزرا۔ انہوں نے ملک بھر کی بیٹیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ “میں پاکستان کی ہر ایک لڑکی کو یہ کہنا چاہتی ہوں کہ اگر میں ایک بیٹی کی ماں ہونے کے باوجود اتنی سخت تربیت حاصل کر کے یہ ہمت کر سکتی ہوں، تو آپ سب بھی آگے بڑھیں اور مسلح افواج کا حصہ بن کر ملک کا نام روشن کریں”۔

لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد شہید کی حوصلہ مند اہلیہ الویرا حمزہ کا یہ تاریخی قدم اور پاک بحریہ میں بطور آفیسر شمولیت اختیار کرنا نہ صرف پاک بحریہ کے لیے ایک اعزاز ہے، بلکہ یہ ان تمام پاکستانی خواتین اور ماؤں کے لیے عزم و استقلال کی ایک روشن اور لازوال مثال ہے جو حالات کے تھپیڑوں کے سامنے ہار ماننے کے بجائے لڑنا جانتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں