دبئی ویزا فراڈ کیس کا عبرتناک انجام: ملزم کو 2 سال قیدِ بامشقت اور 5 لاکھ جرمانے کی سزا!

لاہور (ویب ڈیسک) 3 جولائی 2026

وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کی زبردست پیروی اور مضبوط تفتیش کے نتیجے میں لاہور کی اسپیشل کورٹ نے ویزا فراڈ اور معصوم شہریوں کو بیرونِ ملک روزگار کا جھانسا دے کر لوٹنے والے ایک بڑے گروہ کے سرغنہ ملزم کو عبرتناک سزا سنا دی ہے۔ اسپیشل کورٹ سنٹرل-II لاہور کے معزز جج نے مقدمے میں نامزد ملزم محمد بوٹا کو ویزا فراڈ کا جرم ثابت ہونے پر 2 سال قیدِ بامشقت اور 5 لاکھ روپے نقد جرمانے کی سزا کا تاریخی حکم سنایا ہے، جبکہ ملزم کو متاثرہ لاچار شہری کو 3 لاکھ روپے بطور معاوضہ (Compensation) بھی الگ سے ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، سزا یافتہ سفاک ملزم محمد بوٹا نے ایک سادھ لوح پاکستانی شہری کو متحدہ عرب امارات (دبئی) کے پرکشش اور جعلی ورک ویزا کا جھانسا دے کر اس سے 2 لاکھ 25 ہزار روپے کی خطیر رقم ہتھیائی تھی اور بعد میں روپوش ہو گیا تھا۔ رقم ڈوبنے اور ویزا نہ ملنے پر متاثرہ شہری نے ایف آئی اے سے رجوع کیا، جس پر ملزم کے خلاف سال 2017 میں مقدمہ نمبر 912 تھانہ انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل (Anti-Human Trafficking Circle) لاہور میں درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس طویل عدالتی جنگ میں ایف آئی اے کی قانونی ٹیم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل اقرا الطاف نے عدالت میں ملزم کے خلاف ایسے ناقابلِ تردید ڈیجیٹل اور دستاویزی شواہد پیش کیے جن کی وجہ سے ملزم مکر نہ سکا اور مقدمہ اپنے منطقی انجام کو پہنچا۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہی کمرۂ عدالت سے ملزم محمد بوٹا کو ہتھکڑیاں لگا کر فوری طور پر سینٹرل جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ اس فیصلے پر عوامی حلقوں نے ایف آئی اے کی کارکردگی کو خوب سراہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں