دیہی علاقوں میں سرمایہ کاری دراصل قوم کے محفوظ اور پائیدار مستقبل میں سرمایہ کاری ہے،سید مراد علی شاہ
کراچی(بزبس رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ دیہی ترقی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دیہی ترقی ہی مضبوط، خوشحال اور خودمختار پاکستان کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں سرمایہ کاری دراصل قوم کے محفوظ اور پائیدار مستقبل میں سرمایہ کاری ہے جبکہ ہاری، مزدور اور دیہی آبادی ملکی معیشت اور غذائی تحفظ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت دیہی غربت کے خاتمے، روزگار کے مواقع، زرعی ترقی، جدید زرعی ٹیکنالوجی، پانی کے بہتر انتظام اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی نوجوانوں اور خواتین کو تعلیم، ہنر، مالی سہولیات اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔مراد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ کے ہر دیہی فرد کو ترقی، خوشحالی اور باوقار زندگی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
