کراچی(بزنس رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے پاکستان ڈویژن ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز نے ملاقات کی، جس میں سندھ میں قابلِ تجدید توانائی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، زراعت، صحت، انسانی وسائل کی ترقی اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نجی شعبے کے لیے قابلِ تجدید توانائی کی پیداوار، زرعی سپلائی چین، اسٹوریج اور پراسیسنگ سہولیات کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھوٹے آبادگاروں کو گروپس کی صورت میں سبسڈی والے ٹریکٹر فراہم کیے جائیں گے تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔ملاقات میں بچوں کی غذائی قلت، نرسنگ کے شعبے کی ترقی، نوجوانوں کے لیے روزگار، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں میں موسمیاتی لچک، اور پائیدار انفراسٹرکچر کی منصوبہ بندی پر بھی اتفاق کیا گیا۔آئی ایف سی کے وفد نے سندھ میں صحت، تعلیم، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ دونوں فریقین نے پائیدار ترقی، سرمایہ کاری اور عوامی فلاح کے لیے شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
