’گولڈ باکس‘ اور ’جی ایل بی ایل‘ ایپس کے ذریعے 270 سے زائد افراد لٹ گئے؛ وفاقی دارالحکومت کے پوش علاقے سے نیٹ ورک چلانے کا انکشاف
ویب ڈیسک 15 مئی 2026
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آن لائن سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو لوٹنے کا ایک بڑا اسکینڈل منظرِ عام پر آیا ہے، جس میں ’گولڈ باکس‘ اور ’جی ایل بی ایل‘ نامی ایپس کے ذریعے شہریوں سے کروڑوں روپے ہتھیا لیے گئے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (این سی سی آئی اے) نے پیکا ایکٹ اور دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اب تک 270 سے زائد متاثرہ افراد سامنے آ چکے ہیں جن سے مجموعی طور پر 13 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بٹوری گئی، جبکہ مقدمے کے مدعی محمد ایاز خان اکیلے 5 کروڑ 41 لاکھ روپے سے محروم ہوئے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق، یہ مبینہ فراڈ نیٹ ورک اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا سے چلایا جا رہا تھا، جہاں ’بلائنڈ باکس سرمایہ کاری‘ کے نام پر شہریوں کو روزانہ 0.5 سے ایک فیصد تک غیر معمولی منافع کا لالچ دے کر راغب کیا گیا۔ ملزمان مخصوص بینک اکاؤنٹس میں رقم جمع کروانے کی ہدایات دیتے تھے، تاہم جیسے ہی بڑی رقم جمع ہوئی، موبائل ایپ اور ویب سائٹ اچانک بند کر دی گئی، جس سے شہری اپنی جمع پونجی نکالنے سے محروم ہو گئے۔ حکام نے گولڈ باکس ڈاٹ کلب ویب سائٹ اور اس سے وابستہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔
مقدمے میں چینی شہری ‘ہوانگ روفینگ’ کو مرکزی ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، جبکہ کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر (CFO)، چیف ٹیکنالوجی آفیسر (CTO) اور مارکیٹنگ ڈائریکٹر کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ این سی سی آئی اے کے مطابق، مالیاتی تحقیقات اور ڈیجیٹل شواہد کے حصول کا عمل جاری ہے اور بینکنگ ریکارڈ تک رسائی حاصل کر لی گئی ہے۔ حکام نے شہریوں کو سخت تنبیہ کی ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر غیر معمولی منافع کا جھانسہ دینے والی اسکیموں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی پلیٹ فارم پر سرمایہ کاری سے قبل اس کی قانونی حیثیت کی مکمل جانچ پڑتال یقینی بنائیں۔