لیگ ٹائٹل کا موقع گنوانے پر النصر کے شائقین بپھر گئے؛ وی آئی پی سیکشن پر حملہ، پولیس نے متعدد ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو گرفتار کر لیا
اسپورٹس ڈیسک 13 مئی 2026
سعودی پرو لیگ کے ایک انتہائی اہم اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسٹیڈیم میں اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب النصر اور الہلال کے مداح آپس میں بھڑ گئے۔ میچ کا نتیجہ 1-1 سے برابر رہنے کی وجہ سے النصر کی ٹیم لیگ ٹائٹل جیتنے کی دوڑ سے باہر ہوگئی، جس کا غصہ ناراض شائقین نے مخالف ٹیم کے حامیوں پر نکالا۔ عینی شاہدین کے مطابق، میچ ختم ہوتے ہی النصر کے مداحوں نے الہلال کے شائقین کے لیے مخصوص وی آئی پی سیکشن کی جانب دھاوا بول دیا اور وہاں موجود افراد پر لاٹھیاں برسانا شروع کر دیں۔
“>
اسٹینڈز میں موجود الہلال کے شائقین نے بھی جوابی کارروائی کی اور بھرپور مزاحمت دکھائی، جس کے نتیجے میں اسٹیڈیم میں شدید ہنگامہ برپا ہوگیا اور شائقین میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دونوں جانب سے سخت جملوں کے تبادلے کے بعد معاملہ جسمانی تشدد تک جا پہنچا، تاہم الہلال کے مداحوں کی جانب سے سخت مزاحمت کے باعث حملہ آور گروپ کو پیچھے ہٹنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اسٹیڈیم میں موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے مداخلت کر کے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی، لیکن تصادم کی شدت کے باعث اضافی نفری طلب کرنی پڑی۔
ریاض پولیس نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ہنگامہ آرائی میں ملوث متعدد افراد کی شناخت کر لی ہے اور کئی شائقین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے جہاں انہیں عوامی امن میں خلل ڈالنے اور تشدد پر اکسانے کے الزامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سعودی فٹ بال فیڈریشن نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کھیلوں کے میدان میں اس طرح کے پرتشدد رویوں کی کوئی جگہ نہیں ہے اور ملوث افراد پر اسٹیڈیم میں داخلے پر تاحیات پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔