لاہور: چیمبر آف کامرس کا لاہور شاپنگ فیسٹیول اور پیڈل ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اعلان

کاروباری سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے دو بڑے ایونٹس کی تیاری؛ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل کی پریس کانفرنس

لاہور، کراچی (علیم نواب خان سے)

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (LCCI) نے شہر میں معاشی و تفریحی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے “لاہور شاپنگ فیسٹیول” اور پاکستان کے سب سے بڑے “پیڈل ٹورنامنٹ” کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے بتایا کہ پیڈل ٹورنامنٹ کا آغاز 14 مئی سے ہو چکا ہے، جبکہ لاہور شاپنگ فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز آج 15 مئی سے ہو رہا ہے۔

فہیم الرحمن سہگل کا کہنا تھا کہ ان ایونٹس کا مقصد صرف کاروبار کو فروغ دینا ہی نہیں بلکہ شہریوں کو مثبت تفریح فراہم کرنا اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا بھی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فیسٹیول سے مقامی صنعت اور تجارت کو نئی زندگی ملے گی اور لاہور کا معاشی پہیہ مزید تیزی سے گھومے گا۔

پریس کانفرنس میں سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران رانا نثار، شعبان اختر، فردوس نثار اور دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے واضح کیا کہ لاہور چیمبر تجارت کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور سماجی سرگرمیوں میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ ملک میں ایک مثبت امیج اجاگر ہو۔ شہر کے مختلف مقامات پر فیسٹیول کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں