اسلام آباد (ویب ڈیسک) 4 جون 2026
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملکی امن و امان، بین الصوبائی تعاون اور عوامی خدمات کی بہتری کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں منشیات کی روک تھام اور سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ نے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف سندھ حکومت کے کامیاب آپریشنز کو سراہا۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ قومی چیلنجز سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے اور قومی مفاد کے معاملات میں تمام اداروں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت جرائم کے خاتمے اور عوامی تحفظ کے لیے اپنی کاوشیں مزید تیز کرے گی، تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر سندھ پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت امن و امان کے قیام اور منشیات کی روک تھام کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنا کر عوامی مسائل کے فوری حل اور بہتر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔
2 تبصرے ”شرجیل میمن اور محسن نقوی کی ملاقات، وفاق اور سندھ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق“