کراچی (ویب ڈیسک) 12 جون 2026
محکمہ موسمیات نے سندھ کے عوام کے لیے خوشخبری سنائی ہے کہ صوبے بھر میں جاری شدید ہیٹ ویو کی شدت میں کمی کا امکان ہے اور کل سے گرمی کی موجودہ صورتحال کے خاتمے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، ہیٹ ویو کے خاتمے کے بعد آئندہ چند دنوں میں سندھ کے مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں، آندھی اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج شہر میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور معمول سے تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، پیر کے روز بھی شہر میں تند و تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا، جس سے گرمی کی شدت میں مزید کمی آئے گی۔
صوبے کے دیگر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق، آج اور کل کشمور، شکارپور، گھوٹکی، جامشورو، دادو، حیدر آباد، میرپور خاص، خیرپور، عمرکوٹ اور تھرپارکر کے اضلاع میں چند مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلیں گی، جبکہ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔اس کے علاوہ، 14 جون کو بھی دادو، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد اور خیرپور کے اضلاع میں چند مقامات پر گرد آلود ہواؤں اور آندھی کے ساتھ گرج چمک کی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ متوقع تیز آندھی اور جھکڑ چلنے کے باعث کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی تبدیلی کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور تیز ہواؤں کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔