شہرِ قائد میں بڑھتا ہوا خوف! پانچ ماہ میں جرائم اور حادثات کے چونکا دینے والے اعداد و شمار جاری

کراچی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران شہر میں قتل و غارت گری، چوری، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ تاجر برادری بھی شدید پریشانی میں مبتلا ہے۔

دوسری جانب شہر کی سڑکوں پر ٹریفک حادثات بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکے ہیں۔ تیز رفتاری، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور ہیوی ٹریفک کی بے احتیاطی کے باعث روزانہ شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ ان حادثات میں نہ صرف قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے بلکہ متعدد افراد زخمی ہو کر مستقل معذوری کا شکار بھی ہو رہے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ کے دوران کراچی میں 222 افراد قتل اور 356 افراد زخمی ہوئے۔ اسی عرصے میں اغوا کے 1480 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ سرکاری ملازمین اور اہلکاروں پر 690 حملے بھی ریکارڈ کیے گئے۔ ان واقعات نے شہر میں خوف و ہراس کی فضا کو مزید بڑھا دیا ہے۔

اسی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کراچی میں مجموعی طور پر 16 ہزار 468 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری یا چھینی گئیں۔ ان میں 638 کاریں اور 13 ہزار 808 موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں، جبکہ 99 کاریں اور 1 ہزار 923 موٹر سائیکلیں اسلحے کے زور پر چھینی گئیں۔ اس کے علاوہ 1169 دیگر لوٹ مار کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

ٹریفک حادثات کی صورتحال بھی انتہائی تشویشناک رہی، جہاں پانچ ماہ کے دوران 444 افراد جاں بحق اور 5 ہزار 194 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق زیادہ تر اموات ٹریلرز اور واٹر ٹینکرز کی ٹکر سے ہوئیں، جو شہریوں کے لیے ایک سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بھتہ خوری کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے، جن کی تعداد 71 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ متاثرہ ضلع سینٹرل رہا جہاں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، بلال کالونی، سرجانی ٹاؤن اور خواجہ اجمیر نگری جیسے علاقوں میں متعدد واقعات سامنے آئے۔ مجموعی طور پر بڑھتے ہوئے جرائم نے کراچی کے شہریوں، تاجروں اور عام زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔

کرائم آؤٹ آف کنٹرول: کراچی میں خونی ویک اینڈ: فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق، 5 خواتین سمیت 19 زخمی

شہرِ قائد میں بڑھتا ہوا خوف! پانچ ماہ میں جرائم اور حادثات کے چونکا دینے والے اعداد و شمار جاری“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ لکھیں