علی بابا ڈاٹ کام کا پاکستانی ایکسپورٹرز کے لیے اے آئی پر مبنی ’ایکیو ورک‘ کا اعلان، خودکار ڈیجیٹل ورک فورس عالمی رسائی میں معاون ثابت ہوگی

مصنوعی ذہانت سے لیس ’ایکیو ورک‘ مارکیٹ ریسرچ، مواد کی تیاری، کسٹمر انگیجمنٹ اور اسٹور مانیٹرنگ کے امور خودکار طریقے سے انجام دے گا؛ پاکستانی ایس ایم ایز کے لیے ایک مکمل ایجنٹک بزنس ٹیم کا قیام

علیم نواب خان سے| 25 مئی 2026

عالمی بزنس ٹو بزنس (B2B) پلیٹ فارم علی بابا ڈاٹ کام نے پاکستان کے برآمد کنندگان اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) پر مبنی ایک جدید نظام ’ایکیو ورک‘ (AcuWork) متعارف کروا دیا ہے۔ اس نئے اور جدید نظام کے تحت پاکستانی برآمد کنندگان کو ایک خودکار ڈیجیٹل ورک فورس فراہم کی جائے گی، جو کاروباری سرگرمیوں کے آغاز سے اختتام تک کے تمام مراحل کو مؤثر اور خودکار انداز میں انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پاکستان کی برآمدی مارکیٹ جس طرح تبدیلی کے مراحل سے گزر رہی ہے، اس کے پیشِ نظر مصنوعی ذہانت کا استعمال عالمی سطح پر اپنی مصنوعات پہنچانے کے لیے ناگزیر ہوتا جا رہا ہے۔ ’ایکیو ورک‘ کو ایک بروقت حل کے طور پر پیش کیا گیا ہے جسے خاص طور پر برآمدات میں حائل اہم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

علی بابا ڈاٹ کام کے ہیڈ آف گلوبل سیلز پراڈکٹس اینڈ سروسز، ایتھن وانگ نے اس نظام کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ایکیو ورک‘ روایتی سافٹ ویئر ٹولز سے یکسر مختلف ایک فعال اور خود مختار ڈیجیٹل ورک فورس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف ایک سافٹ ویئر نہیں بلکہ ایس ایم ایز کے لیے ایک مکمل ‘ایجنٹک بزنس ٹیم’ ہے جو مارکیٹ ریسرچ، تخلیقی مواد کی تیاری، کسٹمر انگیجمنٹ اور اسٹور مانیٹرنگ جیسے پیچیدہ امور خودکار طریقے سے سرانجام دیتی ہے۔

ایتھن وانگ کے مطابق، یہ نظام نہ صرف کاروباری مواقع تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ روزمرہ کے امور چلانے اور بروقت درست فیصلے کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ اس جدید ڈیجیٹل ورک فورس کے ذریعے پاکستانی برآمد کنندگان عالمی منڈی میں اپنی رسائی کو مزید وسعت دے سکیں گے اور بین الاقوامی مسابقت میں بہتر مقام حاصل کر پائیں گے۔ علی بابا ڈاٹ کام کا یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں