Former world boxing champion Amir Khan wearing traditional Sindhi Ajrak and Topi at Karachi Press Club

خواہش ہے پاکستان سے عالمی باکسنگ چیمپئن سامنے آئیں، لیاری میں بین الاقوامی اکیڈمی قائم کروں گا: عامر خان

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) — 15 جولائی 2026

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر اور سابق عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان سے گہرا جذباتی اور قلبی لگاؤ ہے اور ان کی یہ شدید خواہش ہے کہ پاکستان کی دھرتی سے بھی انٹرنیشنل لیول کے باکسنگ چیمپئنز سامنے آئیں۔ کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے اعزازی کیپٹن عامر خان نے اعلان کیا کہ اسلام آباد کی طرح اب کراچی، خصوصاً لیاری، اور ملک کے دیگر بڑے شہروں میں جدید باکسنگ اکیڈمیز قائم کی جائیں گی تاکہ باصلاحیت نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر سندھ حکومت کے ترجمان سردار نادر گبول اور میونسپل کمشنر لیاری ٹاؤن حماد این ڈی خان بھی موجود تھے۔

عامر خان نے لیاری کے ٹیلنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “لیاری کھیلوں کا گڑھ ہے اور یہاں کے لوگ فٹ بال اور باکسنگ سے عشق کرتے ہیں۔ میں یہاں کے لڑکے اور لڑکیوں کو باکسنگ کے رموز سکھانے کے لیے ورلڈ کلاس اکیڈمی قائم کروں گا اور پاکستان میں بین الاقوامی باکسنگ مقابلے کرانے کا بھی ارادہ ہے۔” انہوں نے بتایا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے پہلے سیمی فائنل کے موقع پر لیاری انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں عوام کے بے پناہ جوش و خروش نے انہیں شدید متاثر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اولمپک باکسنگ میں سب سے زیادہ میڈلز جیتنے والے ملک قازقستان کے تعاون سے پاکستان میں بہترین کوچز کی زیرِ نگرانی ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ پاکستانی کوچز کو بھی بیرونِ ملک تربیت دلائی جائے گی۔

سابق چیمپئن نے اولمپک میڈلسٹ حسین شاہ کا حوالہ دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ وہ مناسب سرپرستی نہ ہونے کے باعث ملک چھوڑ کر جاپان چلے گئے، لیکن “میں پاکستان میں پیسے بنانے نہیں بلکہ باکسنگ پر پیسے لگانے اور اس کی خدمت کرنے آیا ہوں، اور پیپلز اسپورٹس کمپلیکس کو دوبارہ فعال کرنے میں پورا تعاون کروں گا۔” اس موقع پر سندھ حکومت کے ترجمان سردار نادر گبول نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سردار نبیل گبول لیاری میں کھیلوں کے فروغ کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور سندھ حکومت باکسنگ اکیڈمی کے لیے عامر خان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری محمد اسلم خان نے عامر خان کا استقبال کیا اور انہیں سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔

خواہش ہے پاکستان سے عالمی باکسنگ چیمپئن سامنے آئیں، لیاری میں بین الاقوامی اکیڈمی قائم کروں گا: عامر خان“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ لکھیں