Rawalpindi police officers investigating a domestic violence case involving a locked up victim

راولپنڈی: سسرال سے لاپتا خاتون کی بیڑیاں لگی ویڈیو وائرل، پولیس نے بازیاب کرا لیا

راولپنڈی (ویب ڈیسک) — 16 جولائی 2026

راولپنڈی کے تھانہ پیرودھائی کے علاقے میں سسرال سے پُراسرار طور پر لاپتا ہونے والی شادی شدہ خاتون عصمت آرا کو لوہے کی بیڑیوں میں جکڑ کر حبسِ بیجا میں رکھنے کی ایک لرزہ خیز ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی راول اور ڈی ایس پی سٹی کو میرٹ پر تحقیقات کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مغوی خاتون کو بازیاب کروا لیا ہے، تاہم نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

متاثرہ خاتون کے والد زیارت گل، جن کا تعلق تخت بھائی (مردان) سے ہے، کی مدعیت میں تھانہ پیرودھائی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ والد نے اپنے بیان میں بتایا کہ ان کی بیٹی عصمت آرا کی شادی تقریباً 4 سال قبل بورنگ روڈ کے رہائشی احسان علی سے ہوئی تھی، لیکن شادی کے ایک ماہ بعد ہی سے شوہر احسان اور اس کے بھائی فاروق اور عثمان نے اس پر بدترین تشدد شروع کر دیا۔ 11 جولائی کو سسرال والوں نے جھوٹی اطلاع دی کہ عصمت آرا گھر سے غائب ہو گئی ہے، جس پر والد کو شبہ ہوا کہ ان کی بیٹی کو اغوا کر کے چھپایا گیا ہے اور اس کی زندگی شدید خطرے میں ہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی دل دہلا دینے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عصمت آرا ایک کرسی پر اپنا بیگ پکڑے بیٹھی ہے اور اس کے پاؤں میں لوہے کی وزنی بیڑیاں لگی ہوئی ہیں، جبکہ ایک شخص زبردستی اس سے بیگ چھیننے کی کوشش کر رہا ہے۔ خاتون کے بھائی کے مطابق، سسرال والوں سے تلخ کلامی کے بعد ہمشیرہ ضیا کالونی سے زنجیروں میں بندھی حالت میں ملی۔ بیڑیاں لگی رہنے اور مسلسل تشدد کے باعث خاتون کی ذہنی حالت شدید متاثر ہوئی ہے اور وہ اپنے گھر والوں کو پہچاننے سے بھی قاصر ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا تفصیلی میڈیکل معائنہ کروایا جا رہا ہے اور ملوث سسرالیوں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں