جنوبی سوڈان کے ویزوں میں مبینہ ردوبدل، ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ پر دو مسافر آف لوڈ کر دیئے

ویزا تصدیق کے بجائے دستاویزات میں تبدیلی کا انکشاف، دونوں مسافر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے جنوبی سوڈان جانے والے دو پاکستانی مسافروں کو ویزوں میں مبینہ ردوبدل کے باعث آف لوڈ کرکے مزید تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آف لوڈ کیے جانے والے مسافروں کی شناخت عبدالستار (سکنہ شیخوپورہ) اور محمد سہیل اصغر (سکنہ خانیوال) کے نام سے ہوئی، جو پاکستانی پاسپورٹس پر ورک ویزوں کے ذریعے جنوبی سوڈان جا رہے تھے۔ترجمان کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران دونوں مسافروں کی سفری دستاویزات مشکوک ہونے پر انہیں مزید جانچ کے لیے روک لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ دونوں افراد نے M/s Ezra Construction & Development Group کے ذریعے بطور ٹیکنیشن ملازمت حاصل کی تھی، جبکہ ان کا پراسیس بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ذریعے کیا گیا تھا۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ دونوں مسافروں کو 22 جون 2026 کو بھی ویزا تصدیق کے لیے آف لوڈ کیا گیا تھا، کیونکہ ویزوں پر درج پوسٹل ایڈریس، نیکسٹ آف کن کا نام اور فون نمبر مشکوک پائے گئے تھے۔ انہیں متعلقہ سفارت خانے سے ویزوں کی تصدیق کرانے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم تصدیق کے بجائے ویزوں میں درج معلومات میں مبینہ طور پر ردوبدل کرا لیا گیا۔دورانِ تفتیش دونوں مسافروں نے بتایا کہ ان کے روزگار، ویزا اور بعد ازاں ویزے میں تبدیلی کے تمام انتظامات صداقت علی نامی شخص نے کیے، جو اس وقت جنوبی سوڈان میں مقیم ہے۔ایف آئی اے کے مطابق دونوں مسافروں کو آف لوڈ کرکے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں