جیکب آباد، گھوٹکی اور رانی پور کے واقعات پر رپورٹس طلب، ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت
کراچی (رپورٹ مبشر علی) انسپکٹر جنرل پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خواتین کے خلاف مبینہ جرائم کی مختلف خبروں کا نوٹس لے لیا ہے۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق جیکب آباد میں ایک لڑکی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے، گھوٹکی میں ایک لڑکی پر مبینہ تیزاب حملے اور خیرپور کے علاقے رانی پور میں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعات سے متعلق خبروں پر آئی جی سندھ نے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی ہے۔
آئی جی سندھ نے ان واقعات کی تفصیلی رپورٹس ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ڈی آئی جی سکھر سے طلب کر لی ہیں اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ واقعات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔انہوں نے متاثرہ خواتین کو قانونی تحفظ فراہم کرنے اور ہر ممکن مدد و معاونت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات پر پولیس زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کرے گی اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔