برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لانس گیون ڈوم کے اعزاز میں الوداعی استقبالیہ؛ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت تقریباً 80 ارب پاؤنڈ تک پہنچنے کا انکشاف
ویب ڈیسک
کراچی: گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ کراچی کی روایتی گرمجوشی اور منفرد مہمان نوازی غیر ملکی سفارتکاروں پر گہرا اور دیرپا اثر چھوڑتی ہے، یہی وجہ ہے کہ جب وہ اپنا سفارتی دور مکمل کر کے یہاں سے رخصت ہوتے ہیں تو عروس البلاد کی خوبصورت یادیں زندگی بھر کے لیے اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لانس گیون ڈوم کے اعزاز میں منعقدہ ایک الوداعی استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا انعقاد برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن کی رہائش گاہ ‘ایکٹن ہاؤس’ میں کیا گیا تھا۔

اس باوقار تقریب میں سیاسی، سفارتی اور سماجی حلقوں کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی، جن میں فریال تالپور، وزیرِ مملکت فہد ہارون، رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی، سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی راجیور سنگھ سودھا، ایم پی اے محمد قاسم سومرو، سابق ایم پی اے نند کمار گوکلانی، سینئر سیاستدان جام کرم علی، پرنس جام قائم علی اور جام فاروق سمیت کراچی کے مقتدر سماجی و کاروباری رہنما شامل تھے۔

گورنر سندھ نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین تاریخی اور دیرینہ دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط باہمی احترام اور گہرے تعاون پر استوار ہیں۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لانس ڈوم کی خدمات کو سراہا اور آسٹریلیا میں ان کی نئی سفارتی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے اگلے مشن میں بھی اسی طرح کامیابی حاصل کریں گے۔ گورنر کا کہنا تھا کہ کراچی جیسے متحرک شہر میں کام کرنے والے سفارتکاروں کو جو والہانہ محبت ملتی ہے، وہ دنیا کے کسی اور خطے میں شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لانس گیون ڈوم نے پاکستان اور برطانیہ کے مضبوط معاشی گٹھ جوڑ کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 80 ارب پاؤنڈ تک پہنچ چکا ہے، جسے باہمی اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے ذریعے مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل (خاص طور پر کرکٹ) اور تعلیمی تبادلے دونوں اقوام کو قریب لانے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ ہزاروں پاکستانی طلبہ برطانیہ کی جامعات میں تعلیم حاصل کر کے دونوں ممالک کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر لانس ڈوم نے کراچی میں تعیناتی کے دوران بھرپور تعاون فراہم کرنے پر برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن کے عملے اور پاکستانی دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔