کراچی: فیروز آباد میں راستہ نہ دینے پر فیملی کے ساتھ سرعام بدسلوکی، بگڑے امیر زادے جوڑے نے گاڑی کا شیشہ توڑ دیا

ڈیفنس ویو کی رہائشی متاثرہ فیملی نے فیروز آباد تھانے میں تحریری شکایت درج کرا دی؛ بچوں اور اہلیہ کے سامنے گالم گلوچ اور بدمعاشی کی ویڈیو وائرل، پولیس ملزمان کی تلاش میں سرگرم

ویب ڈیسک

کراچی: شہرِ قائد کے مصروف ترین کاروباری اور رہائشی علاقے فیروز آباد میں سرعام غنڈہ گردی اور بدمعاشی کا ایک انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک بگڑے امیر زادے جوڑے (مرد اور خاتون) نے مبینہ طور پر سڑک پر راستہ نہ دینے جیسے معمولی تنازع پر فیملی کے ساتھ شدید بدسلوکی کی، ان پر چکھے چلائے اور ان کی کار کا فرنٹ شیشہ (ونڈ اسکرین) توڑ دیا۔ متاثرہ فیملی کی جانب سے واقعے کی ویڈیو بنائی گئی ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، یہ واقعہ فیروز آباد تھانے کی حدود میں گزشتہ روز دوپہر کے وقت پیش آیا۔ ڈیفنس ویو کے رہائشی شہری وسیم الطاف اپنی اہلیہ اور معصوم بچوں کے ساتھ کار میں جا رہے تھے کہ دوپہر تقریباً 12 بجے ایک ٹویوٹا یارس (Toyota Yaris) گاڑی میں سوار نامعلوم شخص اور اس کے ساتھ موجود خاتون (جو مبینہ طور پر میاں بیوی بتائے جاتے ہیں) نے راستہ نہ دینے پر ان کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا۔ مشتعل جوڑے نے سڑک کے بیچوں بیچ ہنگامہ آرائی شروع کر دی اور وسیم الطاف کی گاڑی پر حملہ آور ہو گئے۔

بچوں کے سامنے بدمعاشی اور ونڈ اسکرین پر حملہ
واقعے کے وقت خوفناک صورتحال کو دیکھتے ہوئے شہری نے اپنی اہلیہ اور بچوں کی حفاظت کے پیشِ نظر کار کے تمام دروازے فوری لاک (Lock) کر لیے۔ تاہم، باہر موجود مشتعل لڑکے اور خاتون نے گالم گلوچ کرتے ہوئے کار کو شدید نقصان پہنچایا، گاڑی کا سائیڈ مرر اکھاڑ دیا اور فرنٹ ونڈ اسکرین پر وار کر کے اسے توڑ ڈالا۔ کار کے اندر موجود وسیم الطاف نے ہمت دکھاتے ہوئے اس ساری بربریت کی اپنے موبائل فون سے ویڈیو ریکارڈ کر لی، جس میں فرنٹ شیشہ ٹوٹنے کا لرزہ خیز منظر اور بچوں کے رونے کی آوازیں بھی محفوظ ہو گئیں۔

پولیس کی کارروائی اور ملزمان کی تلاش
واقعے کے بعد متاثرہ شہری وسیم الطاف نے فیروز آباد تھانے پہنچ کر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تحریری درخواست دائر کر دی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ نامعلوم جوڑے کی اس اچانک اور وحشیانہ بدمعاشی کی وجہ سے وہ، ان کی اہلیہ اور بچے شدید ذہنی صدمے اور خوف کا شکار ہیں۔ ان کے پاس ملزمان کی گاڑی کا نمبر اور ان کی غنڈہ گردی کی مکمل ویڈیو بطور ثبوت موجود ہے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او (SHO) فیروز آباد عدیل افضال نے تصدیق کی ہے کہ متاثرہ فیملی کی جانب سے تحریری شکایت موصول ہو چکی ہے اور پولیس نے متاثرہ خاندان سے رابطہ قائم کر لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ معاملہ سڑک پر دو خاندانوں کے آپسی جھگڑے کی وجہ سے بڑھا۔ ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ اگرچہ فیملی نے ابھی صرف شکایت درج کرائی ہے، لیکن قانون ہاتھ میں لینے، سرعام ہنگامہ آرائی کرنے اور فیملی کو ہراساں کرنے والے لڑکے اور خاتون کی شناخت کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور پولیس کی ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں