کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی کا قہر، حبس اور گرمی سے 4 افراد جاں بحق، درجہ حرارت مزید بڑھنے کا خدشہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)

ملک بھر میں آئندہ ہفتے شدید ہیٹ ویو کی پیشگوئی کے ساتھ کراچی اور سندھ بھر میں گرمی کا زور بڑھ گیا ہے، جبکہ حبس اور شدید درجہ حرارت کے باعث مختلف علاقوں میں 4 افراد جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 7 جون سے 12 جون کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہوگی۔ اس دوران کراچی میں درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کے تناسب کے باعث حبس کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 8 جون سے فضا میں ہائی پریشر سسٹم بننے کا امکان ہے جو 11 جون تک برقرار رہے گا، جس کے نتیجے میں گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔سندھ کے بالائی اضلاع سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو اور دیگر علاقوں میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ ہوگا۔دوسری جانب کراچی میں بھی شدید گرم اور مرطوب موسم متوقع ہے، جہاں سمندری ہوائیں متاثر ہونے کے باعث گرمی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور خواتین کا خاص خیال رکھا جائے۔

احتیاطی تدابیر:
دوپہر 11 بجے سے شام 4 بجے تک دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں
پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں
سر کو ڈھانپ کر رکھیں
بچوں اور بزرگوں کو خاص طور پر محفوظ رکھیں

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گرمی کی اس شدید لہر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

2 تبصرے ”کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی کا قہر، حبس اور گرمی سے 4 افراد جاں بحق، درجہ حرارت مزید بڑھنے کا خدشہ

اپنا تبصرہ لکھیں