جعلی نوٹوں کی فیکٹری بے نقاب، باپ بیٹے سمیت خطرناک گروہ گرفتار!

لاہور (ویب ڈیسک) 17 جون 2026

لاہور پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی، قومی شناختی کارڈز، تعلیمی اسناد اور دیگر سرکاری دستاویزات تیار کرنے والے ایک منظم گروہ کا قلع قمع کر دیا ہے۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران اس نیٹ ورک کے 4 کارندوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں باپ اور بیٹا بھی شامل ہیں۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے ایک کامیاب چھاپے کے دوران لاہور میں قائم اس فیکٹری نما سیٹ اپ کو بے نقاب کیا، جہاں جعلسازی کا یہ منظم نیٹ ورک طویل عرصے سے کام کر رہا تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں سامان برآمد کر لیا ہے، جس میں پرنٹنگ مشینیں، کمپیوٹرز، خصوصی کیمیکل اور دیگر جدید آلات شامل ہیں۔

گرفتار ہونے والوں میں گروہ کا سرغنہ ریاض، اس کا بیٹا ساجن ریاض، اور دیگر دو ساتھی عمران اور آصف شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ ہولناک انکشاف ہوا ہے کہ گروہ کا سرغنہ ریاض بیرونِ ملک سے جدید کلر میچنگ کی تربیت حاصل کر چکا تھا، جس کی مدد سے وہ انتہائی مہارت کے ساتھ جعلی کرنسی تیار کرتا تھا۔ یہ گروہ نہ صرف پاکستانی بلکہ غیر ملکی کرنسی بھی تیار کرتا تھا جسے صوبے کے مختلف اضلاع کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک بھی سپلائی کیا جاتا تھا۔پولیس کی جانب سے ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں جعلی ملکی و غیر ملکی کرنسی، جعلی قومی شناختی کارڈز، تعلیمی ڈگریاں، سرکاری دستاویزات، پرنٹنگ مشینیں، کمپیوٹرز اور کیمیکل برآمد کیے گئے ہیں۔

گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے جس میں ان کے دیگر ساتھیوں اور اس غیر قانونی نیٹ ورک کے وسیع تر رابطوں کا سراغ لگایا جائے گا۔ اس کارروائی کو پولیس کی جانب سے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جس سے جعلی دستاویزات اور کرنسی کے ذریعے ہونے والے جرائم میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

جعلی نوٹوں کی فیکٹری بے نقاب، باپ بیٹے سمیت خطرناک گروہ گرفتار!“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ لکھیں