اداکارہ کے ساتھ مبینہ تنازع: رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست: اثاثوں کی تفصیلات طلب

لاہور ویب ڈیسک | 2 جون 2026

مسلم لیگ (ن) کے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے گرد گھیرا تنگ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ ایک اداکارہ کے ساتھ مبینہ تنازع اور سنگین الزامات کے بعد، اب ان کی مالی شفافیت کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔ میاں آصف محمود ایڈووکیٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ایک باضابطہ درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں رکنِ اسمبلی کے کاغذاتِ نامزدگی اور اثاثوں کی تصدیق شدہ نقول فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسمبلی کے اندر پہلے ہی ان کی نااہلی کے لیے ایک درخواست اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس زیرِ التوا ہے۔

گھوٹکی: شدید مٹی کے طوفان اور آندھی کا قہر، 3 افراد جاں بحق، 60 سے زائد زخمی

درخواست گزار نے اپنے مؤقف میں سنگین الزامات عائد کیے ہیں، جن کے مطابق رکنِ اسمبلی ثاقب چدھڑ پر ایک خاتون کو انتہائی مہنگی گاڑیاں، قیمتی تحائف اور جائیداد تحفے میں دینے کے الزامات ہیں۔ درخواست میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ منتخب عوامی نمائندے اپنے اثاثے اور ذرائع آمدن ظاہر کرنے کے قانونی طور پر پابند ہیں، اور ثاقب چدھڑ پر لگنے والے الزامات کے بعد ان کی مالی حیثیت کی تحقیقات عوامی اہمیت کا حامل معاملہ بن گیا ہے۔

کراچی: بجلی کا طویل بحران، الیکٹرک بس سروس کے پہیے جام ہونے کا خدشہ

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ثاقب چدھڑ، ان کی اہلیہ اور دیگر زیرِ کفالت افراد کے تمام پرانے اور نئے اثاثوں کا تفصیلی ریکارڈ فراہم کیا جائے تاکہ اس بات کی جانچ پڑتال ممکن ہو سکے کہ آیا ان کی رکنیت برقرار رکھنے کا قانونی جواز باقی ہے یا نہیں۔ یہ درخواست ایسے وقت میں دائر کی گئی ہے جب ثاقب چدھڑ اپنی نجی زندگی سے متعلق الزامات اور سیاسی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ الیکشن کمیشن اس درخواست پر کیا فیصلہ کرتا ہے اور رکنِ اسمبلی کی جانب سے اپنے اثاثوں کے بارے میں کیا وضاحت پیش کی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں