نیویارک (ویب ڈیسک) 12 جون 2026
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ اسٹیج میں 72 میچ کھیلے جائیں گے، تاہم ان میں سے 5 ہائی وولٹیج مقابلے ایسے ہیں جن پر پوری دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ ان میچوں میں سب سے زیادہ جوش و خروش پرتگال اور کولمبیا کے درمیان 27 جون کو میامی میں ہونے والے مقابلے کے لیے پایا جاتا ہے، جہاں کرسٹیانو رونالڈو کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے شائقین کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔
مداحوں میں رونالڈو کو ایکشن میں دیکھنے کا جنون اس قدر بڑھ چکا ہے کہ بلیک مارکیٹ میں اس میچ کے ایک ٹکٹ کی قیمت 3 ہزار ڈالرز یعنی تقریباً 8 لاکھ پاکستانی روپے کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔ یہ غیر معمولی قیمت فٹ بال کے اس سپر اسٹار کی عالمی مقبولیت اور میگا ایونٹ کی اہمیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ورلڈ کپ کے دیگر اہم میچوں میں 13 جون کو نیوجرسی میں برازیل اور مراکش کا ٹکراؤ شامل ہے، جس میں شائقین ونیسیئس جونیئر اور نیمار کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔ 16 جون کو فرانس اور سینیگال کے درمیان ہونے والا مقابلہ بھی خاصی اہمیت کا حامل ہے، جو شائقین کو 2002 کے اس تاریخی اپ سیٹ کی یاد دلائے گا جب سینیگال نے فرانس کو شکست دے کر پوری دنیا کو حیران کر دیا تھا۔
اس کے علاوہ 17 جون کو انگلینڈ اور کروشیا کے درمیان کلاسک مقابلہ شیڈول ہے، جو 2018 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل کا سنسنی خیز ری میچ ثابت ہوسکتا ہے۔ فٹ بال کے یہ ہائی وولٹیج میچز ٹورنامنٹ کی رونقوں کو مزید بڑھا رہے ہیں اور شائقین کی بڑی تعداد ان مقابلوں کو براہِ راست اسٹیڈیم میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہے۔