سارہ خان کا برائیڈل لک تنقید کی زد میں، مداحوں نے ہیوی میک اپ پر اٹھا دیے سوال

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کی اداکاری نہیں بلکہ ایک برائیڈل فوٹو شوٹ ہے۔ سارہ خان نے حال ہی میں زکیہ رقیہ سیلون کے لیے دلہن کے روپ میں ایک خصوصی فوٹو شوٹ کروایا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔

فوٹو شوٹ میں سارہ خان نے گہرے سرخ رنگ کا روایتی برائیڈل لباس زیب تن کیا، جس کے ساتھ خوبصورت جیولری کا انتخاب کیا گیا تھا۔ تاہم مداحوں کی توجہ ان کے میک اپ پر مرکوز رہی۔ متعدد سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ اداکارہ کے چہرے پر ضرورت سے زیادہ فاؤنڈیشن، چمکدار میک اپ اور غیر فطری رنگت استعمال کی گئی، جس سے ان کی قدرتی خوبصورتی متاثر ہوئی۔

کئی مداحوں نے تبصرہ کیا کہ سارہ خان کی اصل رنگت گندمی ہے، لیکن میک اپ میں انہیں غیر معمولی طور پر ہلکا رنگ دیا گیا، جس کی وجہ سے ان کا چہرہ قدرتی محسوس نہیں ہو رہا تھا۔ بعض صارفین نے رائے دی کہ ہیوی میک اپ نے ان کے چہرے کے نقوش بھی بدل دیے اور ان کی شخصیت کی قدرتی کشش کہیں کھو گئی۔

سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے بھی دیکھنے میں آئے۔ کچھ صارفین نے لکھا کہ اس انداز کے میک اپ نے سارہ خان کو ان کی اصل شخصیت سے مختلف بنا دیا، جبکہ دیگر کا کہنا تھا کہ اداکارہ کی قدرتی خوبصورتی ہی ان کی سب سے بڑی پہچان ہے، اس لیے انہیں غیر ضروری ہیوی میک اپ سے گریز کرنا چاہیے۔

دوسری جانب سارہ خان کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے ان کا دفاع بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ برائیڈل فوٹو شوٹس میں مختلف انداز کے میک اپ اور لُکس آزمائے جاتے ہیں، اس لیے کسی ایک انداز کی بنیاد پر سخت تنقید مناسب نہیں۔ مداحوں نے یہ بھی کہا کہ ہر فنکار کو نئے انداز اختیار کرنے کا حق حاصل ہے۔

واضح رہے کہ سارہ خان حال ہی میں اپنے کامیاب ڈرامہ “شیر” میں اداکاری کی وجہ سے بھی خوب تعریفیں سمیٹ چکی ہیں۔ اداکارہ سوشل میڈیا پر بھی بے حد مقبول ہیں، جہاں لاکھوں مداح ان کی نئی تصاویر اور پروجیکٹس کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں