واٹس ایپ کا دھماکا: آئی فون صارفین کے لیے ‘گرین ڈاٹ’ فیچر کی آزمائش شروع!

کراچی (ویب ڈیسک) 6 جولائی 2026

میٹا کی زیرِ ملکیت دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ (WhatsApp) نے اپنے آئی فون (iOS) صارفین کے لیے ایک انتہائی زبردست اور جاندار ‘گرین ڈاٹ’ (Green Dot) فیچر پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس نئے فیچر کی بدولت اب صارفین کو کسی بھی کانٹیکٹ کا آن لائن اسٹیٹس جاننے کے لیے اس کی چیٹ اوپن کر کے انتظار نہیں کرنا پڑے گا، بلکہ ایک چھوٹے سے سبز دائرے کی مدد سے فوری طور پر معلوم ہو جائے گا کہ سامنے والا اس وقت ایکٹو (آن لائن) ہے یا نہیں۔ واٹس ایپ کی تمام اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی معروف ٹیکنالوجی ویب سائٹ ‘واٹس ایپ بیٹا انفو’ (WABetaInfo) نے اس خفیہ فیچر کا پردہ فاش کیا ہے۔

ٹیکنالوجی رپورٹ کے مطابق، یہ جدید فیچر اس وقت واٹس ایپ کے آئی او ایس بیٹا ورژن 26.26.10.72 (iOS Beta Version) استعمال کرنے والے محدود صارفین کے لیے ٹیسٹنگ کے مرحلے میں ہے۔ اس فیچر کے کام کرنے کا طریقہ کار انتہائی آسان اور دلچسپ ہے؛ جیسے ہی آپ کی کانٹیکٹ لسٹ میں موجود کوئی بھی صارف آن لائن ہوگا، تو اس کی پروفائل پکچر (DP) کے نیچے دائیں کونے میں ایک چمکتا ہوا چھوٹا سبز دائرہ یعنی گرین ڈاٹ نمودار ہو جائے گا، اور جیسے ہی وہ شخص واٹس ایپ بند کر کے آف لائن ہوگا، یہ سبز نشان خودبخود غائب ہو جائے گا۔

رپورٹ میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فی الحال آزمائشی مرحلے میں یہ گرین ڈاٹ صرف ‘کانٹیکٹ انفو’ (Contact Info) اسکرین پر دکھائی دیتا ہے، جو کسی بھی صارف کی پروفائل پر کلک کرنے سے کھلتی ہے۔ تاہم، ٹیک ماہرین کا ماننا ہے کہ واٹس ایپ اس پر مزید کام کر رہا ہے اور جب اسے عام صارفین کے لیے رول آؤٹ کیا جائے گا، تو یہ نشان براہِ راست ہوم اسکرین کی ‘چیٹس لسٹ’ یا چیٹ ٹیب میں بھی نظر آئے گا، جو صارفین کے لیے زیادہ فائدہ مند اور وقت بچانے کا ذریعہ ثابت ہوگا۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ واٹس ایپ نے اس نئے فیچر کو بنانے کے دوران صارفین کی پرائیویسی (Privacy) کا خاص خیال رکھا ہے۔ اگر آپ نے اپنی واٹس ایپ سیٹنگز میں ‘لاسٹ سِین’ (Last Seen) یا ‘آن لائن اسٹیٹس’ کو چھپا (Hide) رکھا ہے، تو یہ گرین ڈاٹ آپ کی پروفائل پر کسی کو نظر نہیں آئے گا۔ واضح رہے کہ یہ فیچر اس وقت اینڈرائیڈ اور آئی فون کے چند بیٹا صارفین کے پاس دستیاب ہے، اور میٹا نے تاحال دنیا بھر کے تمام عام صارفین کے لیے اس کی لانچنگ کی کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، لیکن توقع ہے کہ اگلے چند ہفتوں میں یہ سب کے موبائلز میں فعال ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں