لاہور: رکشہ دلوانے کے جھانسے میں بلا کر 2 لڑکیوں سے اجتماعی زیادتی، پولیس نے تینوں درندے دھر لیے

لاہور کے علاقے سندر میں انسانیت سوز واقعہ؛ جدید تفتیشی طریقہ کار کے ذریعے پولیس نے ملزمان کو روپوشی کے دوران گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا
ویب ڈیسک
09 مئی 2026
لاہور کے تھانہ سندر کی حدود میں دو لڑکیوں کو ہوس کا نشانہ بنانے والے تینوں ملزمان پولیس کی گرفت میں آ گئے ہیں، ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے ایک انتہائی مشکل اور اندھے کیس کو ٹریس کرتے ہوئے درندگی میں ملوث مرکزی ملزم غلام محی الدین عرف علی، ناصر عرف منڈی اور ابراہیم عرف ملنگی کو چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزمان متاثرہ لڑکیوں کو رکشہ دلوانے کے بہانے ورغلا کر اپنے ساتھ لے گئے اور وہاں انہیں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، درندہ صفت ملزمان واقعے کے بعد لڑکیوں کو سڑک پر پھینک کر فرار ہو گئے تھے، جس پر متاثرہ لڑکیوں کے والد کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 1537/26 درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزمان اپنی شناخت چھپانے کے لیے روپوش ہو گئے تھے اور ان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا تھا، تاہم سندر پولیس نے خفیہ معلومات اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا تعاقب کیا اور انہیں مختلف علاقوں سے دبوچ لیا، گرفتار ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ ٹھوس شواہد کے ساتھ انہیں عدالت سے سخت ترین سزا دلوائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں