اداکارہ تمارا رالف کے گلابی گاؤن میں پراعتماد دکھائی دیں؛ سوشل میڈیا صارفین کا فوٹوگرافرز کی جانب سے نظر انداز کیے جانے کا دعویٰ
ویب ڈیسک 13 مئی 2026
فرانس میں جاری عالمی شہرت یافتہ کانز فلم فیسٹیول 2026 کے افتتاحی روز بالی ووڈ اسٹار عالیہ بھٹ نے اپنی شرکت سے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے کی کوشش کی، تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ عالیہ بھٹ اس عالمی اسٹیج پر تمارا رالف کے ڈیزائن کردہ خوبصورت ہلکے گلابی رنگ کے گاؤن میں جلوہ گر ہوئیں، لیکن ریڈ کارپٹ پر پیش آنے والے ایک مبینہ واقعے نے ان کے مداحوں کو افسردہ کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عالیہ بھٹ پراعتماد انداز میں مسکراتے ہوئے کیمروں کے سامنے پوز دے رہی ہیں اور ہاتھ ہلا کر فوٹوگرافرز کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم صارفین نے نشاندہی کی ہے کہ وہاں موجود بیشتر بین الاقوامی فوٹوگرافرز انہیں نظر انداز کرتے ہوئے دیگر عالمی شخصیات کی تصاویر لینے میں مصروف تھے۔ اس منظر کے وائرل ہوتے ہی انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے عالیہ کو “شرمندگی” کا سامنا کرنے کے تبصرے کیے جانے لگے۔
اس صورتحال پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے؛ جہاں بہت سے مداحوں نے “میرا دل ٹوٹ گیا” اور “کوئی ان کی تصویر کیوں نہیں لے رہا” جیسے کمنٹس کے ذریعے دکھ کا اظہار کیا، وہیں ایک بڑی تعداد نے عالیہ بھٹ کی تعریف بھی کی۔ ان صارفین کا کہنا تھا کہ عالمی سطح کے بڑے فیسٹیولز میں ایسا ہونا معمولی بات ہے، لیکن جس طرح عالیہ نے اس صورتحال میں بھی اپنی مسکراہٹ اور خود اعتمادی برقرار رکھی، وہ قابلِ دید ہے۔ فی الحال اداکارہ یا ان کی ٹیم کی جانب سے ان تبصروں پر کوئی باقاعدہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔