ایمار کا دبئی میں 200 ارب درہم مالیت کا لگژری شہر لانچ کرنے کا تاریخی اعلان، بزنس ٹائیکونز میں‌ہل چل مچ گئی

دبئی (عارف شاہد ) 12 جون 2026

دبئی کی معروف رئیل اسٹیٹ کمپنی ایمار پراپرٹیز نے دبئی میں ایک تاریخی اور عظیم الشان ماسٹر ڈویلپمنٹ منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ 200 ارب درہم مالیت کا یہ منصوبہ کمپنی کی تاریخ کا سب سے بلند حوصلہ اور وسیع شہری منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے جس کا مقصد دبئی میں انٹیگریٹڈ اربن لونگ کے جدید تصور کو حقیقت کا روپ دینا ہے۔

یہ منصوبہ 4.5 ملین مربع میٹر سے زائد تعمیراتی رقبے پر محیط ہوگا۔ اسے ایک ایسے خود کفیل شہر کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جو شہر کے اندر ایک شہر کی حیثیت رکھے گا۔ اس منصوبے میں لگژری رہائشی ٹاورز، عالی شان ولاز، محلات، کمرشل دفاتر، وسیع ریٹیل مراکز، جدید ہوٹلز اور ثقافتی سہولیات شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ منصوبے میں کمیونٹی انفراسٹرکچر، مساجد، اسکولز، ہیلتھ کیئر مراکز، سمارٹ ٹیکنالوجی، پائیدار نقل و حمل کے ذرائع اور ممکنہ میٹرو کنیکٹیویٹی اور سرسبز پارکس کو بھی جگہ دی جائے گی۔

اس منصوبے کو تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار رہائشیوں کے لیے تیار کیا جا رہا ہے جن کی سہولت کے لیے اسے پانچ مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں بزنس حب، اربن ڈسٹرکٹ، نوجوان خاندانوں کے لیے کمیونٹی، فیملی لونگ زون اور خصوصی لگژری ولا ایریا شامل ہیں۔ایمار پراپرٹیز کے بانی محمد العبار نے اس منصوبے کو کمپنی کا اب تک کا سب سے بڑا ایمبیشس ڈریم قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایمار ہمیشہ اس نظریے کے ساتھ کام کرتی ہے کہ عظیم شہر صرف پتھروں اور عمارتوں سے نہیں بلکہ خوابوں اور ویژن سے بنتے ہیں۔

اگرچہ ابھی اس منصوبے کے حتمی مقام، مکمل ٹائم لائن، تعمیراتی مراحل اور فنانسنگ کی تکنیکی تفصیلات کا باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے، تاہم اس اعلان نے رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں بڑی ہلچل پیدا کر دی ہے۔ دبئی کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں یہ منصوبہ ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو آنے والے سالوں میں شہر کی معاشی اور رہائشی ترقی کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں