
کراچی 15 جون 2026
کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی ایک بڑی مشترکہ کارروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ محکمہ انسدادِ دہشت گردی (CTD) کے ترجمان کے مطابق یہ گرفتاریاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتیجے میں عمل میں آئیں۔ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم بی ایل اے (BLA) کے تین ملزمان عمران خان عرف شوکت، ظہیر احمد اور محمد ریاض شامل ہیں، جبکہ فتنہ الخوارج (FAK) سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں حجت اللہ اور حبیب اللہ کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے ملزمان اپنے کمانڈر عبدالرحمن کی ہدایت پر شہر کے مختلف حساس مقامات کی ریکی کر رہے تھے۔ گرفتار ملزم ظہیر احمد 2024 میں بلوچستان کے علاقے گشکور میں ایف سی اہلکاروں پر آئی ای ڈی حملے میں ملوث رہا ہے اور وہ تنظیم کے لیے بھتہ خوری کا کام بھی کرتا تھا۔ ان ملزمان کا مقصد کراچی میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا۔

دوسری جانب فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ملزمان حجت اللہ اور حبیب اللہ نے افغانستان میں واقع تنظیم کے کیمپ سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی تھی۔ کراچی پہنچنے کے بعد ان دہشت گردوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کی ریکی مکمل کر کے اپنے کمانڈر ہدایت اللہ کو معلومات فراہم کر دی تھیں اور مزید ساتھیوں کے منتظر تھے تاکہ شہر میں بڑی دہشت گردی کی کارروائیاں انجام دے سکیں۔
سی ٹی ڈی حکام نے آپریشن کے دوران ملزمان کے قبضے سے پانچ عدد 30 بور پستول، 26 زندہ گولیاں اور دو موبائل فون برآمد کیے ہیں۔ ملزمان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی کراچی میں الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور ان کے انکشافات کی روشنی میں مزید گرفتاریوں کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سی ٹی ڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع ہیلپ لائن 1102 پر ضرور دیں۔

”کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی بڑی کامیابی، 5 دہشت گرد گرفتار“ ایک تبصرہ