کراچی میں لرزہ خیز واردات؛ گلشن اقبال میں بزرگ خاتون قتل، شہر بھر میں اندھی گولیوں سے 4 شہری زخمی

کراچی 15 جون 2026

شہرِ قائد میں جرائم کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، جہاں ایک طرف گلشن اقبال کے رہائشی علاقے میں 60 سالہ بزرگ خاتون کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا، وہیں دوسری طرف شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم سمت سے آنے والی اندھی گولیوں کا نشانہ بن کر خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔

مزید پڑھیں:.کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی بڑی کامیابی، 5 دہشت گرد گرفتار

گلشن اقبال بلاک 13-D/2 میں مدینہ مسجد کے قریب پیش آنے والے واقعے میں 60 سالہ انور مائی زوجہ عبدالغفور کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔ مقتولہ اپنے گھر میں اکیلی رہائش پذیر تھیں اور ان کے چہرے، سر اور کان پر شدید زخم پائے گئے۔ پولیس اور کرائم سین یونٹ نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واردات ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا نتیجہ معلوم ہوتی ہے، کیونکہ مقتولہ کے لواحقین کے مطابق گھر سے 5 لاکھ روپے نقدی اور دو تولہ طلائی زیورات غائب ہیں۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے اینٹ کا ایک ٹکڑا بھی ملا ہے، جس سے شبہ ہے کہ خاتون کو پہلے تکیے سے دم گھٹ کر قتل کیا گیا اور پھر سر پر بھاری چیز ماری گئی۔ مقتولہ کے خاندان کو شبہ ہے کہ اس واردات میں ان کی بیٹی کے سابقہ شوہر کا ہاتھ ہو سکتا ہے، تاہم پولیس اس قتل کی تفتیش ہر پہلو سے کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں:. کراچی کی سڑکوں پر موت کا رقص: قاتل ڈمپر بے لگام، ہنستا بستا خاندان اجڑ گیا 30 سالہ ثناء فاطمہ موقع پر ہی جاں بحق

اسی دوران شہر کے دیگر علاقوں میں اندھی گولیوں کا سلسلہ بھی تھم نہ سکا۔ اتحاد ٹاؤن میں کریسنٹ اسکول کے قریب 13 سالہ بچہ معیز ولد سلمان نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ اسی طرح گارڈن کے علاقے فوارہ چوک کے قریب واقع شالیمار اپارٹمنٹس میں طارق ولد محمد ایوب گولی لگنے سے لہولہان ہوا۔ سعید آباد میں سیکٹر 14 کے قریب فاطمہ زوجہ محمد افضل اور گلبہار میں ناظم آباد نمبر 2 کے قریب زمزم مسجد کے نزدیک 34 سالہ کاشف علی ولد رحمن بھی اندھی گولی کا نشانہ بنے۔

تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ شہر میں ہونے والے ان واقعات نے شہریوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔ اہل علاقہ اور سول سوسائٹی کے ارکان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور اندھی فائرنگ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

کراچی میں لرزہ خیز واردات؛ گلشن اقبال میں بزرگ خاتون قتل، شہر بھر میں اندھی گولیوں سے 4 شہری زخمی“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ لکھیں