استنبول (ویب ڈیسک) 16 جون 2026
ترک شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی باصلاحیت اداکارہ ایجے اِرتم (Ece Ertem) 35 برس کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ ان کی اچانک موت نے نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ پوری ترک فنکار برادری کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ پیر کی دوپہر اپنے گھر میں اپنی والدہ کے ساتھ موجود تھیں کہ انہیں اچانک طبی ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد دینے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ سکیں۔ اداکارہ کے وکیل اوغور گوک کویون نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی طبی جائزوں سے شبہ ہے کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے (ہارٹ اٹیک) کے باعث ہوئی ہے۔ تاہم، موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔ وکیل نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان تمام افواہوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں ان کی موت کو خودکشی قرار دیا جا رہا تھا۔

سالگرہ کے اگلے ہی دن سانحہ،ایجے اِرتم کی موت کا واقعہ اس لیے بھی زیادہ افسوسناک ہے کہ انہوں نے اپنے انتقال سے صرف ایک روز قبل ہی اپنی 35 ویں سالگرہ منائی تھی۔ سالگرہ کی خوشیوں کے اگلے ہی دن پیش آنے والے اس سانحے نے ان کے چاہنے والوں کو گہرے غم میں ڈبو دیا ہے۔ایجے اِرتم کا فنی سفر،ایجے اِرتم 14 جون 1991 کو ترکی کے شہر سیواس میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 2014 میں یاسار یونیورسٹی سے اوپیرا اور ووکل پرفارمنس میں تعلیم مکمل کی، جس کے بعد انہوں نے استنبول کے سعدی علیشک کلچرل سینٹر سے اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی۔ انہوں نے اپنے فنی سفر میں کئی پروجیکٹس کیے، لیکن انہیں سب سے زیادہ شہرت مقبول ترک ڈرامے “ون لو” (One Love) میں ’اشیل‘ (Işıl) کا کردار ادا کر کے ملی۔ اس کردار نے انہیں ترکی کی باصلاحیت ترین اداکاراؤں کی صف میں لا کھڑا کیا تھا۔ایجے اِرتم کی اچانک وفات پر مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

