شہرت یافتہ مصنفا فرحت اشتیاق کے مقبول ترین ناول ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر مبنی پاکستان کی پہلی باقاعدہ نیٹ فلکس اوریجنل سیریز کی نمائش سے متعلق اہم اور تازہ پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق اس میگا پروجیکٹ کو 2026 کے اختتام تک عالمی او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ فرحت اشتیاق کا یہ شاہکار ناول پہلی بار 2009 میں خواتین ڈائجسٹ میں قسط وار شائع ہوا تھا جس کے بعد 2013 میں اسے کتابی صورت میں پیش کیا گیا۔ یہ سیریز ہم ٹی وی اور نیٹ فلکس کے مشترکہ تعاون سے تیار کی گئی ہے جو پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل ثابت ہوگی۔
اس میگا بجٹ اور اسٹار اسٹڈڈ سیریز کی کاسٹ میں پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور ترین اداکار شامل ہیں جن میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، بلال اشرف، ہانیہ عامر، اقرا عزیز، صنم سعید، احد رضا میر اور نادیہ خان نمایاں ہیں، جبکہ اس کی ہدایت کاری اور پروڈکشن کی تمام تر ذمہ داریاں مومنہ درید نے سنبھالی ہیں۔ یہ سیریز ابتدائی منصوبے کے مطابق 2025 میں ریلیز ہونا تھی، تاہم کچھ تکنیکی اور پروڈکشن تاخیر کے باعث اسے مقررہ وقت پر آن ایئر نہ کیا جا سکا۔ طویل عرصے تک کسی بھی قسم کی باضابطہ اپ ڈیٹ نہ آنے کے باعث سوشل میڈیا پر اس پروجیکٹ کے منسوخ ہونے کی افواہیں بھی گردش کرتی رہی تھیں۔
اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پروڈیوسر مومنہ درید ان دنوں اس سیریز کی فائنل ایڈیٹنگ اور پوسٹ پروڈکشن کے امور کی خود نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ بہت جلد کاسٹ کی جانب سے باقاعدہ تشہیری مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ دوسری جانب مسلسل تاخیر کے باعث ڈراما شائقین اور سوشل میڈیا صارفین فی الحال ریلیز کی ان رپورٹس پر مکمل یقین کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ شائقین کا کہنا ہے کہ جب تک نیٹ فلکس پر اس کے ٹریلر اور اقساط باقاعدہ سامنے نہیں آ جاتیں، تب تک تاریخوں پر یقین کرنا مشکل ہے، تاہم اسٹار کاسٹ کے مداح اس کی نمائش کے لیے بے صبری سے منتظر ہیں۔
