کراچی 14 اگست کی تقریب اور 16 اگست کو مفت میڈیکل کیمپ کورنگی کے انعقاد کا فیصلہ
کراچی (ویب ڈیسک) سول ڈیفنس وارڈن سروس آرگنائزیشن ضلع کورنگی کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ بوائز اسکول نمبر 01، کورنگی نمبر 04 میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں لانڈھی، کورنگی، ملیر اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس کی صدارت چیف وارڈن عباس احمد، ڈپٹی چیف وارڈن محمد عابد حسین، ٹریننگ انچارج رابنسن پیٹر اور گروپ وارڈن لانڈھی، کورنگی و شاہ فیصل محمد اویس قریشی نے کی۔ اس موقع پر نوجوانوں کو سول ڈیفنس کے بنیادی اصولوں، فائر سیفٹی، ریسکیو، فرسٹ ایڈ، ہنگامی حالات سے نمٹنے اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کرنے کے پروگرام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گروپ وارڈن محمد اویس قریشی نے بتایا کہ سول ڈیفنس کے تربیتی پروگرام میں نوجوانوں کی دلچسپی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ مختلف علاقوں سے نوجوان بڑی تعداد میں تربیت حاصل کرنے کے لیے شریک ہو رہے ہیں۔ تربیت کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر امدادی کارروائیوں کے قابل بنانا اور معاشرے میں رضاکارانہ خدمت کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔اجلاس میں 14 اگست یومِ آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ 16 اگست 2026ء بروز اتوار مفت میڈیکل کیمپ لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ میڈیکل کیمپ کورنگی نمبر 4 کی مرکزی شاہراہ پر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک قائم کیا جائے گا، جہاں شہریوں اور شرکاء کو طبی معائنہ اور بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ نوجوانوں کی تربیت اور سول ڈیفنس کی سرگرمیوں کو مزید منظم انداز میں جاری رکھنے کے لیے ہفتہ وار اجلاس ہر اتوار شام 6:30 بجے سے رات 8 بجے تک منعقد کیا جائے گا۔ منتظمین کے مطابق ہفتہ وار اجلاسوں میں نوجوانوں کی شرکت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جو سول ڈیفنس اور عوامی خدمت کے حوالے سے مثبت رجحان ہے۔سول ڈیفنس وارڈن سروس آرگنائزیشن کے عہدیداران نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تربیتی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنی اور دوسروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
