ٹیکسلا میں کم عمر خاتون ٹک ٹاکر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا

ایک پاکستانی خاتون ٹک ٹاکر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، جو خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات کی طویل فہرست میں ایک اور افسوسناک واقعہ ہے۔ شمسو بی بی نامی اس نوجوان لڑکی کو گل امینہ عائشہ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا اور ٹک ٹاک پر ان کے دس لاکھ سے زائد فالوورز تھے۔ انہیں ٹیکسلا میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق عائشہ کو مبینہ طور پر ایک فون کال موصول ہوئی، جس کے بعد وہ ٹیکسلا میں اپنے گھر سے گاڑی میں روانہ ہوئیں۔ ان کے ساتھ ان کی 12 سالہ بہن بھی موجود تھی۔ اسی دوران موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح حملہ آور ان کی گاڑی کے قریب پہنچے اور فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں عائشہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ گاڑی بھی حادثے کا شکار ہوگئی۔ مقتولہ کی 12 سالہ بہن بھی شدید زخمی ہوئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق مقتولہ کے دو افراد کے ساتھ کچھ مالی معاملات چل رہے تھے اور مبینہ طور پر وہ افراد انہیں مسلسل دھمکی آمیز فون کالز بھی کر رہے تھے۔ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں ان افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ عائشہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور فون کالز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے میں ملوث افراد کا تعین کیا جا سکے۔

مقتولہ کی بہن کی طبیعت بہتر ہونے کی صورت میں اس کا بیان بھی ریکارڈ کیا جائے گا، کیونکہ وہ پورے واقعے کی عینی شاہد ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں