رمشا خان پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سابق اداکارہ اور سپر اسٹار ہیں۔ انہوں نے اس وقت سب کو حیران کر دیا تھا جب انہوں نے اپنے ساتھی اداکار خوشحال خان کے ساتھ شادی کا اعلان کیا اور ساتھ ہی شوبز کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہنے کا بھی اعلان کیا۔ اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس غیر فعال کر دیے اور اپنی تمام تصاویر بھی ڈیلیٹ کر دیں۔
رمشا خان کے گھر میں اس وقت خوشیوں کا سماں ہے کیونکہ ان کی اکلوتی بہن کی شادی ہو رہی ہے۔ تاہم اداکارہ اب بھی کیمروں سے دور رہنے کو ترجیح دے رہی ہیں اور کسی بھی تصویر میں نظر نہیں آئیں۔
رمشا خان کی بہن نے پہلے اپنی منگنی کی تقریب منعقد کی، جس کے بعد اپنی دوستوں کے ساتھ بیچلری پارٹی بھی کی۔ اب ان کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مایوں کی تقریب سے ہو گیا ہے۔
مایوں کی تقریب انتہائی سادہ اور نجی نوعیت کی تھی، جس میں دلہن روایتی پیلے رنگ کے لباس میں بے حد خوبصورت نظر آئیں۔ اس موقع پر ان کی والدہ کو اپنے نئے داماد کے ساتھ خوشی سے رقص کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جبکہ گھر کے دیگر افراد بھی خوشی اور مسکراہٹوں کے ساتھ تقریب سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔
رمشا خان اس تقریب کی کسی بھی تصویر میں نظر نہیں آئیں اور انہوں نے سوشل میڈیا سے دور رہنے کے اپنے فیصلے پر مکمل طور پر قائم رہتے ہوئے تقریب کو نجی رکھا۔
