کراچی (کورٹ رپورٹر) 6 جون 2026
کراچی کے علاقے بغدادی میں منشیات فروشی کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث انمول عرف ‘پنکی’ کے خلاف اب ایک سنگین قتل کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے تفتیشی افسر نے مقدمے کا عبوری چالان پراسیکیوشن کے پاس جمع کروا دیا ہے جس میں ملزمہ کے خلاف شواہد اور تفتیشی مراحل کو بیان کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ لائنز ایریا کے رہائشی شیروز کی مدعیت میں بغدادی تھانے میں درج کیا گیا ہے، جس میں ملزمہ کی جانب سے فراہم کردہ نشہ آور مواد کو ایک شخص کی موت کا سبب قرار دیا جا رہا ہے۔
مقدمے کے چالان میں انکشاف کیا گیا کہ 7 مئی کو حاجی پیر محمد روڈ پر فٹ پاتھ سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی تھی جس کے گرد لوگوں کا ہجوم تھا۔ مدعی مقدمہ کی مدد سے لاش کو بغدادی تھانے منتقل کیا گیا، جہاں تلاشی کے دوران مقتول کی جیب سے ایک گولڈن رنگ کی ڈبی برآمد ہوئی۔ اس ڈبی پر “کوئین میڈیم پنکی ڈان نام ہی کافی انجوائے” درج تھا، جس کی تفتیش کے بعد یہ ثبوت سامنے آیا کہ یہ نشہ آور مواد انمول عرف ‘پنکی’ ہی فروخت کرتی تھی، جس کے نتیجے میں مذکورہ شخص کی ہلاکت واقع ہوئی۔
منشیات کیس میں پیش رفت: انمول عرف پنکی کے سہولت کاروں کی بینک تفصیلات عدالت میں جمع
پراسیکیوشن کے مطابق اس وقت عبوری چالان کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے تاکہ تفتیش میں موجود کسی بھی قسم کے نقائص یا خامیوں کو دور کیا جا سکے۔ پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ مکمل جانچ پڑتال اور اسکروٹنی کے عمل کے بعد ہی اس عبوری چالان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرایا جائے گا۔ تفتیشی افسر نے مؤقف اپنایا ہے کہ ملزمہ کے خلاف مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور چالان کی مدت مکمل ہونے پر قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے مقدمے کو آگے بڑھایا جائے گا۔
”منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف ’پنکی‘ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج“ ایک تبصرہ