کراچی گلشن اقبال کے معصوم بچے اور نوجوان دن دیہاڑے لٹ گئے، ویڈیو نے تہلکہ مچا دیا!

کراچی (کرائم رپورٹر) 6 جون 2026

کراچی کے پوش علاقے گلشنِ اقبال بلاک 13-ڈی تھری کے بلوچ گوٹھ میں دن دیہاڑے ہونے والی ڈکیتی کی ایک انتہائی لرزہ خیز سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس نے پورے علاقے کے مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ واقعہ 5 جون کی شام تقریباً 6 بجے پیش آیا، جب بلوچ گوٹھ کی ایک گلی میں 3 نوجوان اور ایک چھوٹا بچہ اپنی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر پرسکون انداز میں گفتگو میں مصروف تھے۔ اسی دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین سفاک مسلح ڈاکو وہاں نمودار ہوئے اور اسلحہ کے زور پر ان بچوں اور نوجوانوں کو یرغمال بنا لیا۔

منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف ’پنکی‘ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج

واردات کے دوران مسلح ملزمان نے اپنی بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف انہیں خوفزدہ کیا بلکہ ان سے ان کے موبائل فونز، نقدی اور دیگر قیمتی ذاتی سامان بآسانی چھین لیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکوؤں کے چہرے انتہائی واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہیں قانون کا کوئی ڈر خوف نہیں تھا۔ واردات کے بعد ملزمان کسی بھی قسم کی مزاحمت کا سامنا کیے بغیر، اطمینان کے ساتھ اسی راستے سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جہاں سے وہ لوٹ مار کرنے آئے تھے۔

واقعے کے بعد متاثرہ نوجوان عمر میاں داد کی جانب سے گلشنِ اقبال تھانے میں باضابطہ قانونی درخواست جمع کرا دی گئی ہے، جس میں نامعلوم ملزمان کے خلاف فوری کارروائی اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مقامی شہریوں نے انتہائی شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ یہ ملزمان کوئی انجان نہیں، بلکہ انہی کا ایک گروہ ہر دوسرے ہفتے اسی مخصوص مقام کو وارداتوں کے لیے منتخب کرتا ہے اور شہریوں کی جمع پونجی لوٹ کر فرار ہو جاتا ہے۔ پولیس کے لیے یہ فوٹیج ایک اہم ثبوت ہے، اور اب اہلیانِ علاقہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان دیدہ دلیر ڈاکوؤں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ گلشن اقبال کے رہائشیوں کو ان درندوں سے نجات مل سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں