پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیز: مشتاق رانا نئے چیف فنانشل افسر تعینات، آئی اے ٹی اے کا اہم آڈٹ پیر سے شروع!

کراچی (علیم نواب خان) 6 جون 2026

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری اور نجی کنسورشیم کے زیرِ انتظام منتقلی کا عمل فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ نجی کنسورشیم نے ایئرلائن کے مالیاتی معاملات کو درست کرنے اور شفافیت لانے کے لیے سعودی ایئرلائنز کے تجربہ کار ماہر مشتاق رانا کو نیا چیف فنانشل افسر (CFO) مقرر کر دیا ہے۔ مشتاق رانا پیر 8 جون سے اپنی باقاعدہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ تقرری ایئرلائن کی نجکاری کے بعد مالیاتی اصلاحات کا پہلا بڑا قدم ہے، جبکہ کنسورشیم کی جانب سے مستقبل قریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO)، چیف ہیومن ریسورس آفیسر اور پبلک ریلیشنز سمیت دیگر کلیدی عہدوں پر بھی عالمی معیار کے ماہرین کی تعیناتی کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

نجکاری کے اہم ترین مرحلے سے قبل، پی آئی اے کی انتظامیہ بین الاقوامی ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) کے متوقع آڈٹ کی تیاریوں میں مکمل طور پر مصروف ہے۔ اس مقصد کے لیے ہفتہ اور اتوار کی سرکاری تعطیلات کے باوجود ایئرلائن کے متعلقہ ملازمین اور شعبہ جات کے سربراہان کو ہنگامی بنیادوں پر دفاتر طلب کر لیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے عملے کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ڈیوٹی پر موجود رہیں اور آڈٹ کے لیے درکار تمام آپریشنل ریکارڈز، سیفٹی مینوئلز اور تکنیکی دستاویزات کو ہر صورت اپ ڈیٹ رکھیں۔

آئی اے ٹی اے کی ‘رسک بیسڈ’ آڈٹ ٹیم اتوار کے روز پاکستان پہنچ رہی ہے، جو پیر 8 جون سے پی آئی اے کے بین الاقوامی آپریشنل اور سیفٹی آڈٹ کا باقاعدہ آغاز کرے گی۔ یہ آڈٹ پی آئی اے کے مستقبل کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ اس کے نتائج ایئرلائن کی عالمی درجہ بندی اور آپریشنل سیفٹی کے معیار کو دوبارہ بحال کرنے میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔ نجی کنسورشیم کے ٹیک اوور سے قبل اس آڈٹ کی کامیابی ایئرلائن کی ساکھ کو بہتر بنانے اور عالمی ہوا بازی کی مارکیٹ میں پی آئی اے کا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لیے انتہائی ناگزیر ہے۔

2 تبصرے ”پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیز: مشتاق رانا نئے چیف فنانشل افسر تعینات، آئی اے ٹی اے کا اہم آڈٹ پیر سے شروع!

اپنا تبصرہ لکھیں