اسلام آباد (ویب ڈیسک) 12 جون 2026
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن (کنورژن) ریپیل بل 2026 کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر مملکت نے بل پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد یہ بل قانون کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔اس قانون سازی کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کمپنی لمیٹڈ (PIACL) کی نجکاری کے عمل کی تکمیل کے لیے تمام درکار قانونی تقاضے پورے ہو گئے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے قومی ایئرلائن کی نجکاری کے عمل کو قانونی مراحل سے گزارنے کے لیے یہ بل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کروایا گیا تھا۔
ریکارڈ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن (کنورژن) ریپیل بل 2026 کو سینیٹ آف پاکستان نے 10 جون 2026 کو منظوری دی تھی، جس کے بعد قومی اسمبلی نے 11 جون 2026 کو اسے کثرتِ رائے سے منظور کیا تھا۔صدر مملکت کی جانب سے اس بل پر دستخط کے بعد اب حکومت کے لیے پی آئی اے سی ایل کی نجکاری کے عمل کو مزید آگے بڑھانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ یہ اقدام قومی ایئرلائن کو نجی شعبے کے حوالے کرنے اور اس کے مالی و انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی حکومتی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔