ویمن پولیس کی بڑی کارروائی، تین ماہ قبل مبینہ اغوا ہونے والی دو بہنیں کراچی سے بازیاب، ایک ملزم گرفتار

کنری (نامہ نگار) عمرکوٹ ویمن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین ماہ قبل مبینہ طور پر اغوا ہونے والی دو سگی بہنوں کو کراچی سے بازیاب کرا لیا، جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ ویمن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے لالو کھیت میں کارروائی کرتے ہوئے سدرا بھٹی اور جویریہ بھٹی نامی دو بہنوں کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ اس دوران مقدمے میں نامزد ایک ملزم عمیر بھٹی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

ویمن پولیس عمرکوٹ کی ایس ایچ او مہناز اعوان کے مطابق دونوں لڑکیاں تقریباً تین ماہ قبل کنری کے قریب بوسٹان شہر سے مبینہ طور پر لاپتہ ہو گئی تھیں۔ واقعے کا مقدمہ لڑکیوں کے والد نصیر احمد بھٹی کی مدعیت میں ویمن تھانے میں درج کیا گیا تھا، جس میں آرزو تنجیل بھٹی، عمیر بھٹی اور رفیق بھٹی کو نامزد کیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مسلسل تفتیش اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کراچی میں کامیاب کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں دونوں مغوی لڑکیوں کو بازیاب کر لیا گیا۔ بعد ازاں بازیاب ہونے والی لڑکیوں اور گرفتار ملزم کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ابتدائی سماعت کے دوران دونوں لڑکیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سیف ہاؤس منتقل کرنے کا حکم دیا، جبکہ گرفتار ملزم عمیر بھٹی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ عدالت نے مزید کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اگلی پیشی پر دونوں لڑکیوں کے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت بیانات ریکارڈ کیے جائیں۔ویمن پولیس حکام کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں