آصفہ بھٹو زرداری اور فریال تالپور نے رکن قومی اسمبلی اعجاز جاکھرانی سے دکھ کا اظہار کیا؛ مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی
ویب ڈیسک
11 مئی 2026
پاکستان کی خاتونِ اول اور رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کے ہمراہ کراچی میں جاکھرانی ہاؤس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پی پی پی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی میر اعجاز جاکھرانی سے ان کے جواں سال صاحبزادے میر زید خان جاکھرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
جاکھرانی ہاؤس آمد پر بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور فریال تالپور نے سوگوار خاندان کے ساتھ وقت گزارا اور مرحوم میر زید خان جاکھرانی کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا کرے۔
خاتونِ اول اور فریال تالپور نے اعجاز جاکھرانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جواں سال بیٹے کی جدائی ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں پوری قیادت اور جماعت جاکھرانی خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ تعزیت کے دوران پیپلز پارٹی کے دیگر مقامی رہنما اور معززین بھی وہاں موجود تھے۔