فلمی دنیا سے اقتدار کے ایوانوں تک: ’تھلاپتی‘ وجے تامل ناڈو کے نئے وزیراعلیٰ بن گئے

جوزف وجے کی نوزائیدہ جماعت ٹی وی کے نے تامل سیاست کے بڑے برج الٹ دیے؛ اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت تشکیل دے دی

بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار جوزف وجے، جنہیں دنیا ’تھلاپتی‘ کے نام سے جانتی ہے، نے باقاعدہ طور پر بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، چنئی کے نہرو اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک پروقار اور پرہجوم تقریب میں انہوں نے اپنی زندگی کے نئے اور سیاسی سفر کا باضابطہ آغاز کیا۔ وجے کی جماعت ’تاملگا ویٹری کزگم‘ (TVK) نے حالیہ ریاستی انتخابات میں حیران کن کارکردگی دکھاتے ہوئے 234 میں سے 108 نشستیں حاصل کیں، جس کے بعد وہ ریاست کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر ابھری ہے۔

اگرچہ حکومت سازی کے لیے مطلوبہ جادوئی نمبر 118 تھا، تاہم کانگریس، سی پی آئی، مسلم لیگ اور دیگر چھوٹی اتحادی جماعتوں کی بھرپور حمایت نے وجے کی راہ ہموار کر دی، جس کے بعد گورنر راجند وشواناتھ نے انہیں حکومت سازی کی دعوت دی۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے بعد اب نو منتخب وزیراعلیٰ کو 13 مئی تک ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کرنی ہوگی، تاہم اتحادیوں کے تعاون کے باعث ان کی پوزیشن انتہائی مستحکم دکھائی دے رہی ہے اور عوامی حلقوں میں ان کی آمد کو روایتی سیاست کے خاتمے کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

تھلاپتی وجے کی یہ کامیابی اس لیے بھی تاریخی ہے کیونکہ انہوں نے محض فروری 2024 میں سیاست کے میدان میں قدم رکھا اور اپنے پہلے ہی الیکشن میں برسوں سے جمی ہوئی سیاسی طاقتوں کو شکست دے دی، وجے نے اپنے فلمی کیریئر کے عروج پر اداکاری کو خیرباد کہہ کر عوامی خدمت کا فیصلہ کیا تھا اور وہ مسلسل بے روزگاری، بدعنوانی اور سماجی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ فلمی اسکرین پر لاکھوں دلوں کو جیتنے والے وجے اب عملی طور پر تامل ناڈو کی تقدیر بدلنے کے لیے میدان میں اتر چکے ہیں، جہاں ان کے حامیوں کو امید ہے کہ وہ سیاسی میدان میں بھی اپنی فلموں کی طرح ’سپر ہٹ‘ ثابت ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں