میکے آئی ہوئی 35 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر گلا گھونٹ کر یا کرنٹ لگا کر قتل کیا گیا؛ ملزم واردات کے بعد فرار، پولیس کی تلاش جاری
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن، اسلامیہ کالونی میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں نشے کی لت میں مبتلا بھائی نے اپنی ہی حقیقی بہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ نونہال اسکول کے قریب واقع ایک گھر میں پیش آیا جہاں سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پیرآباد پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے ضروری شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ مقتولہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایچ او پیرآباد سراج خٹک کے مطابق مقتولہ کی شناخت 35 سالہ حاویہ کے نام سے ہوئی ہے جو کہ شادی شدہ تھی اور چند روز قبل ہی اپنے میکے ملنے آئی ہوئی تھی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ کو اس کے بھائی بیزوار نے قتل کیا ہے جو کہ شدید نشے کا عادی ہے اور واردات انجام دینے کے بعد جائے وقوعہ سے روپوش ہو گیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم نے اپنی بہن کو گلا گھونٹ کر یا پھر بجلی کا کرنٹ لگا کر قتل کیا ہے، تاہم موت کی اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا۔
علاقہ مکینوں میں اس واقعے کے بعد شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے، پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی ملزم کو قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کے دوران خاندانی پس منظر اور قتل کے محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ نشے کی حالت کے علاوہ کیا کوئی اور تنازع بھی اس قتل کی وجہ بنا ہے۔