یوٹیوب کا شاندار اقدام: آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے ذریعے ہوم فیڈ کو کسٹمائز کرنے کا نیا فیچر متعارف

کراچی ویب ڈیسک | 31 مئی 2026

دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ ‘یوٹیوب’ نے اپنے صارفین کے تجربے کو مزید بہتر اور دلچسپ بنانے کے لیے ایک جدید ‘اے آئی کسٹمائزڈ فیڈ’ (AI-Customized Feed) فیچر متعارف کروا دیا ہے۔ اکثر صارفین اس شکایت کا اظہار کرتے تھے کہ یوٹیوب کی ہوم فیڈ پر انہیں ایک جیسی یا غیر متعلقہ ویڈیوز نظر آتی ہیں، مگر اب یوٹیوب نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس مسئلے کا حل نکال لیا ہے۔ اس نئے فیچر کی بدولت صارفین اب اپنی پسند، دلچسپیوں اور مزاج کے مطابق اپنی ہوم فیڈ کو خود ترتیب دے سکیں گے، جس سے انہیں وہی مواد دیکھنے کو ملے گا جو ان کے لیے کارآمد اور تفریح کا باعث ہو۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ کار نہایت سادہ اور آسان رکھا گیا ہے۔ جب یہ سہولت آپ کے اکاؤنٹ پر دستیاب ہوگی تو ہوم پیج پر ”یور کاسٹیوم فیڈ“ (Your Custom Feed) کا آپشن ظاہر ہوگا۔ صارف اس پر کلک کر کے اپنی پسند کا موضوع یا تھیم لکھ کر اے آئی کو پرامپٹ (Prompt) دے سکے گا، جس کے بعد اے آئی خودکار طریقے سے مخصوص ویڈیوز تلاش کر کے ایک پرسنلائزڈ فیڈ تیار کر دے گا۔ اگر کوئی صارف خود سے موضوع نہیں لکھنا چاہتا تو وہ یوٹیوب کی جانب سے دیے گئے ”سجیسٹڈ پرامپٹس“ (Suggested Prompts) کا انتخاب کر کے بھی فوری طور پر اپنی پسندیدہ ویڈیوز کی فیڈ حاصل کر سکتا ہے۔ یہ فیچر صارفین کو ان کے پسندیدہ ٹاپکس میں گہرائی تک لے جانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

یوٹیوب انتظامیہ کے مطابق، یہ کسٹمائزڈ فیڈز مخصوص موضوعات پر مبنی ہوں گی اور اگر صارف انہیں باقاعدگی سے استعمال نہیں کرے گا، تو یہ چند ہفتوں کے بعد خود بخود ایکسپائر ہو جائیں گی، تاکہ فیڈ ہمیشہ تازہ اور متعلقہ رہے۔ فی الحال یہ جدید فیچر صرف امریکہ میں متعارف کرایا گیا ہے، تاہم کمپنی نے جلد ہی اسے دنیا بھر کے دیگر ممالک تک توسیع دینے کا عندیہ دیا ہے۔ یہ قدم یوٹیوب کے ان اے آئی بیسڈ فیچرز کا تسلسل ہے جن میں حال ہی میں متعارف کرایا گیا ”آسک یوٹیوب“ (Ask YouTube) سرچ فیچر بھی شامل ہے۔ بلاشبہ یوٹیوب کی یہ کاوشیں پلیٹ فارم کو زیادہ اسمارٹ، صارف دوست اور انٹرایکٹو بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

یوٹیوب کا شاندار اقدام: آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے ذریعے ہوم فیڈ کو کسٹمائز کرنے کا نیا فیچر متعارف“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ لکھیں