مفتاح اسماعیل کا حکومت کو آئینہ: 47 روپے یونٹ بجلی سے صنعتیں چلیں گی نہ برآمدات بڑھیں گی، شاہد خاقان عباسی کا الخیر حج گروپ کی تقریب سے خطاب!

کراچی (اسٹاف رپورٹر / ویب ڈیسک) 6 جولائی 2026

سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی (APP) کے چیئرمین شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا ہے کہ ملک میں حقیقی سیاسی اور معاشی استحکام لائے بغیر کوئی مثبت تبدیلی نہیں آسکتی، ہمیں ہر صورت برآمدات بڑھا کر درآمدات پر انحصار کم کرنا ہوگا۔ وہ معروف بزنس مین اور ٹینری ایسوسی ایشن کے صدر دانش امان کی رہائش گاہ پر “الخیر حج گروپ” کے اعزاز میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے بحیثیتِ مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل، بلوچستان کے کنوینر سید امان شاہ، صدر کاٹی (KATI) اکرام راجپوت، زبیر چھایا، زاہد حمید، ثاقب اکرام، مگو، الخیر حج گروپ کے سی ای او عفان ذیشان، ڈاکٹر ظفر مرزا، تیمور صدیقی اور فلپائن کے قونصل جنرل عمران سمیت کاروباری و سیاسی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض معروف کمپیئر اے کے میمن نے سرانجام دیے، جبکہ پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ناصر الدین محمود، صدر کراچی شیخ صلاح الدین اور جنرل سیکرٹری کراچی ندیم اختر آرائیں بھی وہاں موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے الخیر حج گروپ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پورے پاکستان کے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے کہ دنیا بھر کے 4 ہزار ٹور آپریٹرز میں سے پاکستانی گروپ کو سعودی حکومت نے بہترین کارکردگی پر انٹرنیشنل ایوارڈ سے نوازا، جس سے دنیا میں ملک کا نام روشن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات سے زیادہ پیسہ اوورسیز پاکستانیوں نے بھیج کر ملک کو سنبھالا ہوا ہے۔ اگر ہم آئین و قانون کی پاسداری کریں اور اداروں پر توجہ دیں تو کارکردگی مزید بہتر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 2013 کی حکومت کی پالیسیوں کے باعث 2018 کا حج تاریخی تھا، جس میں پرائیویٹ سیکٹر نے بھی حکومت پر بھرپور اعتماد کیا۔ انہوں نے ملکی ترقی اور معیشت میں کراچی کے تاجروں اور عوام کے کلیدی کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے خطاب میں حکومتی معاشی دعوؤں کی قلعی کھولتے ہوئے کہا کہ حکومت سال 2028 تک برآمدات کا ہدف 60 ارب ڈالر تک لے جانے کے دعوے کر رہی ہے، لیکن موجودہ حالات میں یہ ہدف پورا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 47 روپے فی یونٹ مہنگی بجلی خرید کر کوئی بھی صنعت کار نہ تو پیداوار بڑھا سکتا ہے اور نہ ہی عالمی مارکیٹ میں برآمدات کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ مفتاح اسماعیل نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سال 2007 تک پاکستان معاشی لحاظ سے بھارت کے مقابلے میں ایک امیر ملک تھا، لیکن آج ہم اپنے نظام کی خرابیوں کے باعث پڑوسی ملک سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں، اس لیے اب ملک میں نظام کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان کے کنوینر سید امان شاہ نے الخیر حج گروپ کی غیر معمولی انتظامی صلاحیتوں اور حجاجِ کرام کے لیے بے لوث خدمات کو دنیا بھر کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا۔ صدر کاٹی اکرام راجپوت نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ شاہد خاقان عباسی دوبارہ ملک کے وزیراعظم بنیں تاکہ ملکی معیشت مضبوط اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہو سکے۔ الخیر حج گروپ کے سی ای او عفان ذیشان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے حجاج کی خدمت کا یہ سفر 1992 میں ایک چھوٹے سے پودے کی صورت میں شروع کیا تھا جو آج الحمدللہ ایک تن آور درخت بن چکا ہے، اور سعودی حکومت کا ایوارڈ دراصل پاکستان کی خدمت کا اعتراف ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں