پاکستان کے سب سے معتبر اور ممتاز تعلیمی ادارے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی نے اپنے دائرہ کار کو وسعت دیتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں قدم رکھ دیا ہے، جہاں ڈی ایچ اے اسلام آباد فیز 5 میں آئی بی اے کے نئے اسلام آباد کیمپس کا باضابطہ سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ اس پروقار تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی اے کراچی ڈاکٹر ایس اکبر زیدی، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ تعلیمی و سول شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران معزز مہمانوں نے کیمپس کے احاطے میں یادگاری پودا لگا کر منصوبے کا باقاعدہ آغاز کیا۔
جدید ترین تقاضوں سے ہم آہنگ اس نئے کیمپس میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اکیڈمک اور جدید ریسرچ بلاکس، ڈیجیٹل لائبریری، وسیع آڈیٹوریم، اور طلبہ کے لیے بین الاقوامی معیار کے اسپورٹس کمپلیکس و ہاسٹل کی رہائشی سہولیات تعمیر کی جائیں گی۔ اس منصوبے کا مقصد نوجوان محققین اور طلبہ کو تعلیمی اور تحقیقی میدان میں مکمل سازگار ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ملکی و غیر ملکی سطح پر مسابقت کے قابل بن سکیں۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی اے ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی بی اے اسلام آباد کیمپس کا قیام ملکی ہائیر ایجوکیشن میں ایک انقلابی پیش رفت ثابت ہوگا، جس سے جڑواں شہروں (راولپنڈی و اسلام آباد)، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طلبہ کو ان کی دہلیز پر عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم اور کاروباری قیادت کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف ایک عمارت کی بنیاد نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کے باصلاحیت قائدین اور معاشی رہنماؤں کی تعمیر کا آغاز ہے۔
