Exterior view of Karachi Police headquarters building with official police cars parked in the complex

کراچی: نوجوان تاجر میر رضا علی کے قتل کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا علی کے بہیمانہ اغوا اور قتل کے سنگین واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے واقعے کی شفاف اور تیز رفتار تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق خصوصی ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) سمیع اللہ سومرو کریں گے۔ اعلیٰ پولیس حکام کے مطابق اس ٹیم کی تشکیل کا بنیادی مقصد تاجر کے قتل میں ملوث عناصر کا سراغ لگا کر انہیں فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس خصوصی تحقیقاتی ٹیم میں ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ اور ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ زون ون محمد عثمان سدوزئی کو بطور اراکین شامل کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس ٹیم کو کیس کی موثر تفتیش کے لیے کراچی رینج کے کسی بھی پولیس افسر، تکنیکی ماہر یا تفتیشی ادارے کی فوری مدد طلب کرنے کے مکمل اختیارات حاصل ہوں گے تاکہ کیس کے تمام مخفی پہلوؤں کی باریک بینی سے چھان بین کی جا سکے۔

حکام کے مطابق خصوصی ٹیم کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ اعلیٰ قیادت کو کیس میں ہونے والی پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جا سکے۔ مقتول میر رضا علی کے موبائل فون کی برآمدگی اور سامنے آنے والی تازہ ترین سی سی ٹی وی فوٹیجز کے بعد پولیس کی تفتیشی ٹیمیں مختلف زاویوں پر کام کر رہی ہیں۔ پولیس حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ تاجر برادری اور لواحقین کو انصاف کی فراہم کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں